کراچی میں سی ٹی ڈی کے بھیس میں اغوا کی وارداتوں میں اضافہ

پلاٹ خریدنے کے بہانے نوجوان کو اغوا کرلیا گیا، تاجر کو راستے میں روک کر اغوا کار ساتھ لے گئے

(فوٹو: فائل)

شہر قائد میں اغوا کی وارداتوں میں اچانک اضافہ ہوگیا، 24 گھنٹوں کے دوران تاجر اور نوجوان اغوا ہوگئے جنہیں سی ٹی ڈی کا بھیس بدل کر اغواکار ساتھ لے گئے۔


ایکسپریس نیوز کے مطابق تاجر محمد حارث الرحمان منگل کی دوپہر اپنے ڈرائیور اصغر خان کے ہمراہ ملیر کینٹ سے اپنے پولٹری فارم کی جانب روانہ ہوا، بقائی کیڈٹ کالج کے روڈ سے نیچے کچے کے راستے پر پہنچا تو ایک سیاہ نگ کی گاڑی نے ان کا راستہ روکا اور گاڑی سے 4 مسلح افراد اترے جن میں سے ایک کے پاس کلاشنکوف اور تین افراد کے دیگراسلحہ تھا۔


مسلح افراد نے اپنا تعلق سی ٹی ڈی سے ظاہر کیا اور مسلح افراد نے تاجر اور اس کے ڈرائیور کو گاڑی سے نیچے اتار کر گاڑی کی عقبی نشستوں پر بٹھا دیا اور آگے جا کر مسلح افراد نے ڈرائیور اصغر کو گاڑی سے اتار دیا اور تاجر کو ساتھ لے گئے، تاجرکے اغوا کا مقدمہ بھائی ہادی الرحمان کی مدعیت میں گڈاپ ٹاؤن تھانے میں درج کرلیا گیا


اسی طرح سائٹ سپر ہائی وے صنعتی ایریا کے علاقے معمار روڈ احسن آباد سے 19 سالہ نوجوان مجتبیٰ علی کو گاڑی سمیت اغوا کرلیا گیا، نوجوان کے اغوا کا مقدمہ سائٹ سپر ہائی وے تھانے میں مغوی نوجوان کی والدہ آمنہ علی زوجہ محمد علی کی مدعیت میں درج کرکے تفتیش شروع کردی گئی۔


ایف آئی آر کے مطابق مغوی نوجوان مجتبیٰ علی نے آن لائن ویب سائٹ پر پلاٹ فروخت کرنے کا اشتہار دیا، مبینہ اغوا کار کامران پاشا نامی شخص نے پلاٹ خریدنے کے لیے مجتیٰ سے رابطہ کیا، پلاٹ کی ڈیل حتمی مراحل میں تھی، منگل کی شب کامران پاشا اور اس کا ساتھی نوجوان کے گھر نارتھ ناظم آئے تھے اور پلاٹ کی ڈیل کے لیے اسٹامپ پیپر نہ ملنے پر وہ لوگ اس وقت واپس چلے گئے۔



کچھ دیر بعد کامران پاشا نے فون کرکے مجتبیٰ سے کہا کہ ہماری گاڑی فیملی لے گئی ہے آپ اپنی گاڑی میں میرے گھر معمار چلیں ایگرمنٹ میرے گھر پر موجود ہے آپ اس پر دستخط کریں اور ٹوکن بھی لے لیں۔


نارتھ ناظم آباد بلاک ایل سے مجتبیٰ علی، اس کی والدہ، دوست اسامہ، مبینہ اغوا کار کامران پاشا اور اس کا ساتھی مغوی کی گاڑی میں سوار تھے، گاڑی جب معمار روڈ احسن آباد پہنچی تو کامران پاشا نے پستول نکال کر نوجوان مجتبیٰ علی کے کنپٹی پر رکھ دی، ملزمان مغوی کی والدہ اور دوست کو جمالی پل کے قریب گاڑی سے اتار کر مجتبیٰ علی کو ساتھ لے گئے۔


کامران پاشا نے اپنے آپ کو حساس ادارے کا اہل کار بتایا، مسلح اغوا کار نوجوان کو گاڑی، پلاٹ کی اصل فائل،4 موبائل فونز، نقدی اور قیمتی سامان بھی ساتھ لے گئے۔


سائٹ سپر ہائی وے صنعتی ایریا پولیس نے مقدمے کے اندراج کے بعد مغوی نوجوان کی تلاش شروع کردی۔



Load Next Story