بھارت سے تمام حل طلب معاملات پر بات چیت کے لئے تیار ہیں وزیراعظم

دونوں ممالک کی قیادت اورعوام تعلقات کا فروغ چاہتے ہیں جب کہ الزامات سے دو طرفہ تعلقات کو نقصان ہوگا، نواز شریف


ویب ڈیسک May 27, 2014
عدم اعتماد کے خاتمے کے لئے زیادہ سے زیادہ عوامی رابطوں کو بڑھایا جائے، نواز شریف فوٹو: رائٹرز

وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان بھارت کے ساتھ مکمل سنجیدہ اور خلوص کے ساتھ تمام حل طلب معاملات پر بات چیت کے لئے تیار ہے اس سلسلے میں جلد ہی دونوں ممالک کے سیکریٹری خارجہ کی ملاقات ہوگی جس میں مشترکہ مفادات پر مشتمل ایجنڈا ترتیب دیا جائے گا۔

وطن روانگی سے قبل نئی دلی میں بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی اور دیگر اہم سیاسی قیادت سے ملاقاتوں کے حوالے سے میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ وہ بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کی دعوت پر ان کی تقریب حلف برداری میں شرکت کے لئے آئے تھے اور وہ یہاں آکر بہت خوش ہوئے۔ بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی سے ان کی ملاقات خوشگوار اور اچھے ماحول میں ہوئی۔ انہوں نے نریندر مودی سے ملاقات میں باہمی تعلقات کے فروغ دینے پر زور دیا اور انہوں نے بھی ان کے جذبات کا نہایت مثبت جواب دیا۔

وزیراعظم نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ دونوں ممالک کے تعلقات 1999 کے سطح سے بحال ہوں، عوامی تعلقات بڑھا کر ہی مقاصد حاصل کئے جاسکتے ہیں، ہمیں تصادم کو تعاون میں بدلنا ہوگا۔ پاکستان کی موجودہ حکومت بھارت کے ساتھ مکمل سنجیدہ اور خلوص کے ساتھ تمام حل طلب معاملات پر بات چیت کے لئے تیار ہے. انہوں نے کہا کہ دونوں ملکوں کی قیادت اورعوام تعلقات کا فروغ چاہتے ہیں، الزامات سے دو طرفہ تعلقات کو نقصان ہوگا، ملاقات کے دوران دونوں ملکوں کی قیادت نے اس بات پر اتفاق کیا کہ خطے کے ڈیڑھ ارب عوام کی ترقی امن و استحکام کے بغیر ممکن نہیں.

وزیراعظم نوازشریف نے کہا کہ عوامی رابطے بڑھا کر مشترکہ مقاصد حاصل کئے جاسکتے ہیں، ملاقات میں اتفاق کیا گیا کہ باہمی تعلقات میں نیا موڑ ہونا چاہئے، خطے کی ترقی کے لئے ہمارا ایجنڈا مشترکہ ہے، اس موقع پر اس بات پر بھی اتفقا کیا گیا کہ جلد ہی دونوں ممالک کے سیکریٹری خارجہ کی ملاقات ہوگی جو حالیہ ملاقات کی روح کے مطابق باہمی مفادات پر مشتمل ایجنڈے کو ترتیب دیں گے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں