چیرمین تحریک انصاف عمران خان کا کہنا ہے کہ شمالی وزیرستان کو لوگوں اوروہاں کے نمائندوں کا کہنا ہے کہ ایسا لگ رہا ہے کہ ہمیں پاکستان سے الگ کرنے کی کوشش کی جارہی ہے نہ جانے وزیراعظم ان حالات میں کہاں ہیں۔
اسلام آباد میں اپنی رہائش گاہ پر پریس کانفرنس کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ شمالی وزیرستان میں بمباری سے معصوم شہری بھی مارے جارہے ہیں جبکہ شمالی وزیرستان سے پیغامات آرہے ہیں کہ اسے پاکستان سے الگ کرنے کے لئے کوششیں تیز کردی گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شمالی وزیرستان کے عوام نے کشمیر کی آزادی کے لئے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کئے لیکن آج وہ الگ ملک کا مطالبہ کرنے پر مجبور ہوگئے ہیں۔
چیرمین تحریک انصاف کا کہنا تھا پاکستان کی تاریخ کا سب سے بڑا فراڈ 2013 کے انتخابات میں ہوا، پنجاب میں کون سی دودھ کی نہریں بہائی گئیں کہ مسلم لیگ (ن) کا ووٹ بینک 2008 کے مقابلے میں 2013 میں دو گنا ہوگیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے ایسا رویہ اختیار کیا جارہا ہے کہ لگتا ہے جیسے پنجاب ہی سارا پاکستان ہے جبکہ بلوچستان، فاٹا اور خیبرپختونخوا میں احساس محرومی میں اضافہ ہورہا ہے۔