کراچی شوہرنے بیوی پرپیٹرول چھڑک آگ لگا دی جھلس کردونوں جاں بحق

شوہر نے موٹرسائیکل سے پیٹرول نکالا تھا اور وہ مجھ پر شک کرتا تھا کہ میں اسے پسند نہیں کرتی، مرنے سے قبل بیوی کا بیان

مالی حالات خراب ہونے کی وجہ سے کئی ماہ سے کرایہ نہیں دے سکے تھے،مالکان

کورنگی مدینہ کالونی میں شوہر نے شک کی بنا پر بیوی پر پیٹرول چھڑک کر آگ لگا دی اور خود بھی آگ سے جھلس کر شدید زخمی ہونے کے بعد دم توڑ گیا۔ بیوی بھی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جان سے چلی گئی۔

واقعے کی اطلاع پر علاقہ مکینوں نے اپنی مدد آپ کے تحت دونوں کے جسم پر لگی ہوئی آگ کو بجھا کر چھیپا کے رضا کاروں کی مدد سے انتہائی تشویشناک حالت میں سول اسپتال برنس وارڈ پہنچایا جہاں کچھ دیر زیر علاج رہنے کے بعد شوہر دم توڑ دیا۔ چند گھنٹوں کے بعد بیوی بھی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہوگئی۔

مرنے سے قبل شدید زخمی اہلیہ نے پولیس کو اپنا بیان ریکارڈ کراتے ہوئے واقعے کا ذمے دار شوہر کو قرار دیا تھا جس کا ویڈیو بیان سوشل میڈیا پر بھی وائرل ہوگیا تھا۔

اس حوالے سے ایس ایچ او زمان ٹاؤن راؤ رفیق نے بتایا کہ کورنگی ڈھائی نمبر کوسٹ گارڈ چورنگی مدینہ کالونی میں گھر کے اندر آگ لگنے کے واقعے میں 28 سالہ جمیل احمد اور اس کی اہلیہ 22 سالہ مسکان جھلس کر شدید زخمی ہوگئے جنھیں اہل محلہ نے تشویشناک حالت میں سول اسپتال برنس وارڈ پہنچایا۔


ایس ایچ او کے مطابق ڈاکٹروں نے بتایا کہ دونوں میاں بیوی 80 فیصد تک جھلس چکے ہیں اور ان کی حالت انتہائی تشویشناک ہے، انھوں نے بتایا کہ زخمی ہونے والے شوہر جمیل احمد نے زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ دیا جبکہ ابتدائی طور پر واقعہ مالی تنگدستی اور مکان کا کرایہ ادا نہ کرنے پر مالک مکان کی جانب سے گھر خالی کرنے پر دلبرداشتہ ہو کر خود سوزی کا بتایا جارہا تھا۔

ایس ایچ او راؤ رفیق نے بتایا کہ تاہم برنس وارڈ میں جھلس کر شدید زخمی مسکان نے اپنا بیان ریکارڈ کرایا کہ اسے شوہر جمیل نے شک کی بنا پر پیٹرول چھڑک کر آگ لگائی تھی اور وہ خود بھی اسی آگ میں جھلس کر زخمی ہوا۔

ایک سوال کے جواب میں خاتون کا کہنا تھا کہ اس کے شوہر نے موٹر سائیکل سے پیٹرول نکالا تھا اور وہ مجھ پر شک کرتا تھا کہ میں اسے پسند نہیں کرتی بلکہ کسی اور کو پسند کرتی ہوں اور وہ لڑائی جھگڑا بھی کرتا تھا جبکہ میرا شوہر آئس اور پاؤڈر کا نشہ بھی کرتا تھا۔

راؤ رفیق نے مزید بتایا کہ جھلسنے والے میاں بیوی کا ڈیڑھ سال کا بیٹا بھی ہے جبکہ جس کمرے میں آگ لگائے جانے کا واقعہ پیش آیا وہاں پر کچھ سامان اور کھڑکی کا پردہ جل گیا جبکہ دھویں سے پوری چھت سیاہ ہوگئی تھی تاہم پولیس واقعے کی مزید تحقیقات کر رہی ہے۔

بعدازاں شوہر کے ہاتھوں جلائی گئی مسکان بھی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئی۔
Load Next Story