حکومت بنتے ہی بی جے پی اوراس کی اتحادی شیوسینا کے اختلافات کھل کر سامنے آگئے
بھارتیہ جنتا پارٹی کی حکومت کو بنے ایک روز ہی گزرا ہے کہ وزارتوں کے معاملے پر ہندو انتہا پسند اتحادی جماعت شیو سینا سے اختلافات کھل کر سامنے آگئے جبکہ شیو سینا کے واحد وزیر نے عہدہ کا چارج سنبھالنے سے صاف انکار کردیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق حکمراں جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی نے 45 رکنی کابینہ میں شیو سینا کے صرف ایک رکن کو شامل کیا ہے جس پر شیو سینا نے شدید احتجاج کیا اس حوالے سے شیوسینا کے سربراہ اودھے ٹھاکرے نے نومنتخب وزیراعظم نریندر مودی اور وزرا کی حلف برداری کی تقریب کے بعد بی جے پی قیادت سے ملاقات کے دوران انہیں اپنے تحفظات سے آگاہ کیا۔
شیو سینا کا کہنا ہے کہ ان کی جماعت حکمراں اتحاد کی دوسری بڑی جماعت ہے جس کے ارکان کی تعداد 18 ہے لیکن اس کے باوجود انہیں صرف ایک وزارت دی گئی جبکہ اپنے قلمدان سے ناخوش مودی کابینہ میں شیو سینا کے واحد وزیر اننت گیتی نے عہدہ کا چارج سنبھالنے سے صاف انکارکردیا ہے۔