عمران خان کی توشہ خانہ کیس میں نااہلی کیخلاف درخواست پر الیکشن کمیشن کو نوٹس

الیکشن کمیشن کے وکیل کی عدم موجودگی میں کیس سننا مناسب نہیں ہوگا، عدالت نے نوٹس جاری کرکے سماعت ملتوی کردی


ویب ڈیسک December 15, 2023
(فوٹو: فائل)

ہائی کورٹ نے سابق چیئرمین پی ٹی آئی کی توشہ خانہ کیس میں نااہلی کے خلاف درخواست پر الیکشن کمیشن کو نوٹس جاری کردیا۔

جسٹس شاہد بلال حسن کی سربراہی میں لاہور ہائی کورٹ کے 5 رکنی لارجر بینچ نے سابق چیئرمین پی ٹی آئی کی توشہ خانہ کیس میں نا اہلی کے خلاف درخواست کی سماعت کی، جس میں عمران خان کی جانب سے بیرسٹر علی ظفر عدالت میں پیش ہوئے۔

عدالت نے سماعت کے آغاز پر ریمارکس دیے کہ اس کیس کو باقاعدہ سننے سے پہلے دائر اختیار کا فیصلہ کیا جائے گا۔ الیکشن کمیشن کی جانب سے کون پیش ہوا ہے؟، جس پر ایسوسی ایٹ وکیل نے بتایا کہ الیکشن کمیشن کے وکیل چھٹی پر ہیں۔ عدالت نے کہا کہ الیکشن کمیشن کے وکیل کی عدم موجودگی میں کیس سننا مناسب نہیں ہو گا۔

وکیل بیرسٹر علی ظفر نے عدالت میں مؤقف اختیار کیا کہ الیکشن کمیشن نے انتخابات کے لیے 8 فروری کی تاریخ دے رکھی ہے۔ جسٹس شاہد کریم نے کہا ہم نااہلی کیس میں فریقین کو نوٹس کر کے سن لیتے ہیں۔

جسٹس شمس محمود مرزا نے ریمارکس دیے کہ آپ کے کلائنٹ میانوالی سے منتخب ہوئے تھے۔ اسلام ہائی کورٹ یہ کیسے سن سکتی ہے، یہ بھی آپ عدالت کو بتائیں گے۔

بعد ازاں لاہور ہائی کورٹ نے سابق چیئرمین پی ٹی آئی کی نا اہلی کے خلاف درخواست پر الیکشن کمیشن کو نوٹس جاری کر دیے ۔ عدالت نے تحریک انصاف کے دوبارہ انٹرا پارٹی الیکشن کے خلاف بھی فریقین کو نوٹس جاری کر دیے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔