سالٹ رینج میں کالے تیتر کے شکاریوں کیخلاف مقامی ڈنڈا بردار گروپ تیار

پنجاب وائلڈ کی طرف سے یکم دسمبر سے 31 جنوری تک ہر اتوار کو تیتر کے شکار کی اجازت دی گئی ہے

نوجوانوں کے گروپ نے گزشتہ اتوار بھی کئی شکاریوں کو اپنے علاقے میں شکار کرنے سے روک دیا تھا

سالٹ رینج میں کالے تیتر کا شکار کرنے سے روکنے کے لیے شکاریوں کے خلاف مقامی ڈنڈا بردار گروپ تیار ہو گئے۔

سالٹ رینج کے مختلف علاقوں میں مقامی لوگ کالے تیتر کا شکار کرنے والوں کے خلاف خود میدان میں نکل آئے۔مقامی لوگوں نے خبردار کیا ہےکہ کسی بھی شکاری کو اپنے علاقے میں جنگلی حیات خاص طور کالے تیتر کے شکار کی اجازت نہیں دیں گے۔

پنجاب وائلڈ کی طرف سے یکم دسمبر سے 31 جنوری تک ہر اتوار کو تیتر کے شکار کی اجازت دی گئی ہے۔ لاہور،فیصل آباد،گوجرانوالہ، شیخوپورہ،راولپنڈی سمیت مختلف شہروں سے سیکڑوں شکاری اتوار کے روز تیتر کے شکار کے لیے سالٹ رینج کا رخ کرتے ہیں۔


3 اور 10 دسمبر کو شکاریوں نے ان علاقوں میں تیتر کا بے تحاشا شکار کیا۔ قواعد کی خلاف ورزی کرنےو الوں کے خلاف پنجاب وائلڈلائف سالٹ رینج کے ڈپٹی ڈائریکٹر زاہد علی بھرپور کارروائیاں کی ہیں تاہم مقامی لوگ بھی میدان میں آگئے ہیں۔

چکوال کی تحصیل کلرکہار کے گاؤں بھٹی گجر میں مقامی لوگوں نے ڈنڈا بردار گروپ تیار کیے ہیں ۔نوجوانوں کے گروپ نے گزشتہ اتوار کئی شکاریوں کو اپنے علاقے میں شکار کرنے سے روک دیا تھا، تاہم اب مختلف دیہات تیتر اور جنگلی حیات کا شکار روکنے کے لیے متحد ہوگئے ہیں۔مساجد میں اعلانات کے ذریعے نوجوانوں کو آگاہ کیا گیا ہے کہ آئندہ اتوار 17 دسمبر کو لاہور اور اسلام آباد سے موٹروے کے راستے چکوال آنے والے شکاریوں کو روکا جائے گا۔

ان علاقوں میں مقیم بھٹی برادری، گجر برادری اور آبیر برداری نے اکھٹے ہوکر تیتر کے شکار کو روکنے کا اعلان کیا ہے اور واضح کیا ہے کہ وہ زمینوں پر کسی کو شکار کی اجازت نہیں دیں گے۔

واضح رہے کہ گزشتہ اتوار سالٹ رینج میں 4 ہزار کنال زرعی رقبہ اور جنگلات میں مقامی برادریوں نے تیتروں کو محفوظ پناہ گاہ دی اور شکاریوں کو شکار کی اجازت نہیں دی۔ مقامی لوگوں نے پنجاب وائلڈلائف،ڈی سی چکوال سمیت دیگر حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ سالٹ رینج میں ہرقسم کے شکار پر پابندی لگائی جائے۔
Load Next Story