پشاور میں بھی مظاہرین کا دھاوا امریکی قونصل خانوں میں کام بند

مذہبی جماعتوں کا جمعہ کو ملک گیر احتجاج کا اعلان،امریکی سفارت خانے، قونصل خانوں میں پبلک ڈیلنگ معطل


پشاور: گستاخانہ فلم کیخلاف احتجاج کرنے والے مظاہرین کو پولیس آنسوگیس فائر کرکے منتشر کررہی ہے۔ فوٹو: اے ایف پی

کراچی سمیت ملک بھر میں گستاخانہ فلم کیخلاف احتجاج کا سلسلہ جاری رہا۔

پشاور میں مظاہرین نے امریکی قونصل خانے پر دھاوا بول دیا، مظاہرین اور پولیس میں جھڑپوں سے متعدد شہری اور اہلکار زخمی ہوگئے۔تفصیلات کے مطابق پشاور میں جماعت اسلامی، شباب ملی کے کارکنوں اور تاجر برادری نے پشاورحیات ایونیو میں واقع امریکی قونصل خانے کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا، مظاہرین نے امریکی پرچم نذر آتش کیا اور قونصل خانے کی جانب بڑھنے کی کوشش کی، جس پر پولیس نے انہیں روکا تو مشتعل مظاہرین نے پتھرائو شروع کردیا جس سے متعدد پولیس اہلکار زخمی ہوگئے جبکہ پولیس نے بھی مظاہرین کو منتشر کرنے کیلیے آنسوگیس کے گولے پھینکے، ہوائی فائرنگ کی اور لاٹھی چارج کیا جس سے مظاہرے میں شریک متعدد افراد زخمی ہوگئے۔

مظاہرین نے قونصل خانے کے سامنے لگا امریکی بینر پھاڑکر جلادیا۔حیدرآباد کے اکثر تجارتی مراکز تیسرے روز بھی بند رہے، سنی تحریک کی جانب سے لطیف آباد سے احتجاجی ریلی نکالی گئی، جامعۃ الدعوۃ کی جانب سے بھی ریلی نکالی گئی جس سے ٹیلی فونک خطاب کرتے ہوئے حافظ محمد سعید نے کہا کہ حُرمت رسول ﷺ پر کوئی آنچ نہیں آنے دیں گے اور جب تک گستاخانہ فلم بنانے والے ملزم کو سزا نہیں دی جاتی اس وقت تک احتجاج جاری رہے گا۔ ٹنڈو جام، ہوسڑی شہر مکمل بند رہے اور احتجاجی ریلیاں نکالی گئیں۔ سانگھڑ، ٹنڈوآدم، شہداد پو ر ، بھٹ شاہ، ہالا، ٹنڈو جام، ڈگری، نوکوٹ، جھڈو، سامارو اور دیگر قریبی شہروں میں شٹرڈائون ہڑتال کی گئی، تمام کاروباری مراکز، تعلیمی ادارے بھی بند رہے جبکہ ٹریفک بھی معمول سے کم رہی، سانگھڑ میں احتجاجی ریلی نکالی گئی جس میں اوباما کے پُتلے جلائے گئے۔

ٹنڈوآدم میں دوسرے روز بھی شٹر ڈائون ہڑتال رہی، شہدادپور مکمل بند رہا اور مذہبی تنظیموں نے احتجاجی ریلیاں نکالیں۔ لاہور میں کاروباری تنظیموں کی طرف سے زبردست احتجاج کیا گیا، تاجروں نے تین گھنٹوں کے لیے شٹر ڈائون ہڑتال کی اور ریلیاں نکالیں اور جلسے کیے، جن میں امریکی پرچم نذر آتش کیے گئے اور پتلے جلائے گئے جبکہ امریکی قونصل خانے سمیت تمام غیرملکی شخصیات کی سیکیورٹی کو بڑھادیا گیا۔فیصل آباد، ملتان،سیالکوٹ، منڈی بہائو الدین ودیگر شہروں میں بھی احتجاج کا سلسلہ جاری رہا۔ بلوچستان کے شہروں دکی، خاران، نوشکی، ڈھاڈر، خضدار، چمن اور دیگر شہروں میں بھی ریلیاں نکالی گئیں۔ سنی اتحاد کونسل سمیت ملک بھرکی مذہبی جماعتوں کی طرف سے گستاخانہ فلم کے خلاف جمعتہ المبارک کو ملک گیر شٹرڈائون ہڑتال اور احتجاج کی کال دیدی گئی ہے۔

اس روز ملک بھر میں تجارتی مراکز اور مارکیٹیں بند رہیں گی۔ دفاع پاکستان کونسل نے جمعۃ المبارک کو ملک گیر یوم احتجاج کا اعلان کیا ہے۔ دیر بالا کے علاقے واڑی میں 2 افراد کی ہلاکت کے خلاف تاجر برادری کی اپیل پر ہڑتال کی گئی، ٹانک میں آل پارٹیز کی جانب سے احتجاج کے بعد ریلی نکالی گئی، مظفرآباد میں سرکاری ملازمین، شہریوں اور سول سوسائٹی نے ریلی نکالی، برنالہ اور کوٹلی میں بھی مختلف سیاسی تنظیموں کی جانب سے احتجاج کیاگیا۔ آئی این پی کے مطابق گستاخانہ فلم کیخلاف ملک بھر میں پرتشدد واقعات کے باعث پاکستان میں امریکی سفارت خانہ اور اس کے دیگر سفارتی دفاتر میں پبلک ڈیلنگ منگل کو بند رہی جبکہ کراچی میں امریکی قونصل خانے میں تمام قسم کے ویزا آپریشن معطل کردیے گئے ہیں اور قونصل خانے میں تعینات پاکستانی عملے کو چھٹیوں پر بھیج دیا گیا، قونصل خانہ میں کام کرنیوالے عملے کو محفوظ مقام پر منتقل کردیا گیا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں