کراچی میں ٹارگٹ کلنگکار پر فائرنگ سے 2 افراد جاں بحق خاتون زخمی

مقتول طارق قریشی پی پی سینٹرل کے عہدیدار کے بہنوئی ہیں، جاں بحق ہونے والے ڈرائیور کی شناخت نہیں ہو سکی


Staff Reporter December 16, 2023
(فوٹو: فائل)

کراچی میں ٹارگٹ کلنگ کا واقعہ پیش آیا، جس میں مسلح افراد کی گاڑی پر فائرنگ سے 2 افراد جاں بحق اور ایک خاتون زخمی ہو گئیں۔

ناظم آباد 2 نمبر انکوائری آفس کے قریب موٹر سائیکل پر سوار مسلح دہشت گردوں نے گاڑی کو نشانہ بنایا اور گاڑی کے دونوں طرف سے فائرنگ کی، جس کے نتیجے میں گاڑی میں سوار 2 افراد جاں بحق ہوگئے جب کہ پچھلی سیٹ پر موجود خاتون زخمی ہوگئیں ۔

جاں بحق شخص کی شناخت 45 سالہ طارق قریشی کے نام سے کی گئی ہے جب کہ دوسرے شخص کی شناخت نہیں ہوسکی۔ فائرنگ سے زخمی ہونے والی خاتون کو بینش کے نام سے شناخت کیا گیا ہے جو کہ مقتول طارق قریشی کی اہلیہ ہیں۔

ایس ایس پی سینٹرل فیصل عبداللہ چاچڑ کے مطابق طارق اپنی اہلیہ کے ساتھ ایک شادی کی تقریب سے سخی حسن کے شادی ہال سے روانہ ہوئے کہ دہشت گردوں نے انہیں ناظم آباد انکوائری آفس کے قریب نشانہ بنایا۔ واقعے کی تحقیقات کی جارہی ہے۔ مقتول طارق قریشی کو 9 اور گاڑی کے ڈرائیور کو 2 گولیاں ماری گئی ہیں جب کہ خاتون بینش ہاتھ پر گولی لگنے سے زخمی ہوئی۔

جائے وقوع کا معائنہ کرنے والے کرائم سین یونٹ کا کہنا ہے کہ گاڑی کے دونوں طرف سے فائرنگ کی گئی۔ گاڑی سے 30 بور بستول کے 3 سکے ملے ہیں جب کہ گولیوں کے خول تاحال نہیں مل سکے۔

مقتول طارق قریشی پیپلزپارٹی سینٹرل کے عہدیدار فیصل شیخ کے بہنوئی ہیں۔ واقعے کے بعد پیپلزپارٹی کے رہنماؤں اور کارکنوں کی بڑی تعداد عباسی شہید اسپتال پہنچ گئی، جہاں پی پی رہنما اسد حنیف کا کہنا تھا کہ شہر میں بد امنی سوچی سمجھی سازش کے تحت پیدا کی جارہی ہے تاکہ الیکشن کے ماحول کو مزید خراب کیا جاسکے ۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں