شادی کی تقریب میں فائرنگ سے 7 سالہ بچہ جاں بحق
ہوائی فائرنگ کرنے والے 2 ملزمان کو گرفتار کرلیا، تیسرا ملزم فرار ہوگیا، تفتیش جاری ہے، پولیس
شاہ لطیف کے علاقے پیر سر ہندی گوٹھ میں شادی کی تقریب میں فائرنگ سے 7 سالہ بچہ جاں بحق ہوگیا ، پولیس نے فائرنگ کرنے والے دو افراد کو گرفتار کرلیا۔
شاہ لطیف تھانے کی حدود پیر سرہندی گوٹھ میں شادی کی تقریب میں اظہر ، عدنان اور بہاول نامی ملزمان نے ہوائی فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں تقریب میں موجود 7 سالہ بچہ احمد رضا گولی لگنے سے جاں بحق ہوگیا۔
ایس ایچ او شاہ لطیف معراج انور کے مطابق شادی واجد جوکھیو نامی شخص کی تھی جس کی تقریب میں تین افراد نے ہوائی فائرنگ کردی، فائرنگ کی زد میں آکر بچہ جاں بحق ہوگیا ، پولیس نے ظہیر اور عدنان نامی ملزمان کو گرفتار کرلیا ہے جبکہ تیسرا ملزم بہاول فرار ہوگیا ہے جس کی تلاش جاری ہے۔
ایس ایچ او شاہ لطیف کا کہنا ہے کہ اگر شادی میں ہوائی فائرنگ کے ذمہ دار دلہا یا ان کے گھر والے ہوئے تو ان کے خلاف بھی مقدمہ درج کرکے قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
پولیس واقعے کی تفتیش کررہی ہے اور تقریب میں موجود افراد کے بیانات بھی قلم بند کیے جارہے ہیں۔