خوابوں کی تعبیر

آپ کے خوابوں کی تعبیر اور ان کا دلچسپ مجموعہ


فوٹو : فائل

کالج کا فنکشن

نیرہ یوسف، گوجرانوالہ

خواب ؛۔ میں نے خواب دیکھا کہ ہمارے کالج میںکوئی فنکشن ہو رہا ہے جس میں لوگ اسٹیج پہ بلا کر باقی لوگوں کو مجبور کر رہے ہوتے ہیں کہ وہ بھی کچھ پڑھیں یا گائیں ۔ جب میری سہیلیاں میرا نام پکارتی ہیں تو میں وہاں جا کر اونچی آواز میں قرآن پاک کی تلاوت شروع کر دیتی ہوں ۔ کیونکہ میری آواز کافی اچھی ہے (میں گھر میں بھی نعت خوانی کرتی رہتی ہوں) اس وقت سب ہی لوگ میری تعریف کرتے ہیں اور میری ٹیچر باقاعدہ مجھے بلا کر مبارک دیتی ہیں ۔ اس کے بعد میری آنکھ کھل جاتی ہے۔ برائے مہربانی مجھے اس کی تعبیر بتا دیں۔

تعبیر:۔ بہت اچھا خواب ہے جو اس بات کو دلیل کرتا ہے کہ اللہ تعالیٰ کی مہربانی سے آپ نیکی کی طرف مائل ہوں گی اور قرآن پاک کی تلاوت کا شوق بھی رہے گا ۔ یہ بہت خوشی کی بات ہے کیونکہ اس سے دل کو سکون حاصل ہو گا۔ آپ کوشش کریں کہ نماز پنجگانہ کی پابندی کریں اور روزانہ سورۃ البقرہ کی تلاوت کریں چاہے چند آیات یا ایک صفحہ ہی پڑھیں مگر روزانہ اس کو معمول بنا لیں ۔ کثرت سے یاحی یاقیوم کا ورد کیا کریں۔

زعفران کے پودے

عشرت بیگم، کوئٹہ

خواب :۔ میں نے دیکھا کہ میں نے زعفران کے پودے خریدے ہیں اور ان کو اپنے گھر میں لگایا ہے۔ کچھ دنوں بعد ان سے پودے نکل آتے ہیں اور کچھ ہی عرصہ بعد ان پہ انتہائی خوبصورت پھول نکل آتے ہیں جن کو دیکھ کر ہم سب گھر والے بہت خوش بھی ہوتے ہیں اورحیران بھی کہ اتنے زیادہ پھول ۔ میں بہت خوشی خوشی ان سے زعفران کی ڈنڈیاں چن لیتی ہوں۔

تعبیر:۔ بہت اچھا خواب ہے اور اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ آپ پر اللہ تعالیٰ کی بہت رحمت نازل ہو گی جس پر شکر واجب ہے ۔ اور اس کے علاوہ مالی معاملات میں بہت آسانی وبرکت ہو گی جس سے گھریلو وکاروباری زندگی بہت آرام دہ ہو گی ۔ آپ نماز پنجگانہ کی پابندی کیا کریں اور کثرت سے یاحی یاقیوم کا ورد کیا کریں حسب توفیق صدقہ خیرات لازمی کیا کریں ۔

باغ میں چہل قدمی

روبینہ چوہدری، گجرات

خواب : میں نے خواب دیکھا کہ میں اپنی دوست کے گھر دعوت میں آئی ہوئی ہوں اور اس کے باغ میں اپنی سہیلیوں کے ساتھ چہل قدمی کر رہی ہوں ۔ اس کے باغ میں رنگارنگ کے پھول کھلے ہوئے ہیں جن کو میں دیکھ کر بہت خوش ہوتی ہوں اور باقی دوستوں کے منع کرنے کے باوجود وہ پھول توڑ لیتی ہوں جن کو میری دوست یاسمین کے پھول کہہ کر پکارتی ہے۔ پھر اس کے بعد میری آنکھ کھل جاتی ہے۔

تعبیر :۔ یہ خواب کسی گھریلو یا کاروباری معاملے میں پریشانی یاغم کی طر ف اشارہ کرتا ہے ۔ خاص طور پر اگر آپ شادی شدہ ہیں تو گھریلو معاملات میں سخت کشیدگی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے ۔ آپ ہر منگل یا جمعرات کو گیارہ روپے صدقہ دیں ۔ ہر نماز کے بعد استغفار کی تسبیح پڑھیں ۔ آپ کے لئے محفل مراقبہ میں بھی دعا کرا دی جائے گی ۔

تقریب میں شرکت

نائمہ بیگم، گجرات

خواب : میں نے خواب دیکھا کہ میرے میاں کے کسی دوست نے ہم کو اپنے گھر کھانے پر بلایا ہے۔ میں کوئی خوش دلی سے نہیں گئی ، وہاں میرے میاں زبردستی لے جاتے ہیں۔ انہوں نے ہمارے اعزاز میں بہت سے کھانے پکائے ہوتے ہیں اور حقیقتاً کھانا کافی لذیذ ہوتا ہے کچھ تو ایسے ہوتے ہیں جو اس سے پہلے میں نے نہیں کھائے ہوتے اور میں دل میں سوچ رہی ہوتی ہوں کہ ان کی بیگم پاکستانی نہیں تو اس لئے وہ ایسے عجیب سے کھانے پکا رہی ہیں۔ ایک ڈش انتہائی مزے دار ہوتی ہے اور میرے پوچھنے پر وہ خاتون مجھے بتاتی ہیں کہ یہ ہرن کا گوشت ہے ۔ یہ سن کر میرا دل بہت خراب ہوتا ہے مگر اتنا لذیذ ہوتا ہے کہ میں رک نہیں پاتی اور دوبارہ اس کو اپنی پلیٹ میں ڈال لیتی ہوں۔

تعبیر : بہت اچھا خواب ہے جو کہ اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ اللہ کی مہربانی و فضل سے جلد ہی کوئی خوشخبری ملے گی اور حلال طریقے سے رزق میں اضافہ ہو گا جس سے آپ مالی طور پر مستحکم ہوں گے ۔ چاہے کاروباری وسائل ہوں یا نوکری میں آسانی ۔ آپ نماز پنجگانہ ادا کیا کریں اور کثرت سے یاحی یاقیوم کا ورد کیا کریں ۔ ممکن ہو سکے تو حسب استطاعت صدقہ و خیرات کیا کریں ۔

جنگل میں ہاتھی کا سامنا

رحمت اللہ ، اسلام آباد

خواب : یہ خواب میرے ابو نے دیکھا کہ وہ اپنے کاروبار کے سلسلے میں کسی دوست سے ملنے کسی دیہاتی علاقے میں جاتے ہیں اور وہاں ساتھ ہی جنگل ہے جس کی سیر کو ان کے کاروباری دوست لے جاتے ہیں ۔ وہاں ان کو ایک بہت بڑے سائز کا کالا سیاہ ہاتھی نظر آتا ہے اور وہ سب لوگوں کو چھوڑ کے میرے ابو کی طرف ہی بڑھتا ہے جیسے حملہ کرنے کی نیت سے آ رہا ہو ۔ اس کے بعد میرے ابو کو خواب یاد نہیں مگر وہ کہہ رہے تھے کہ آنکھ کھلنے کے بعد بھی وہ بہت دیر تک خوفزدہ رہے ۔

تعبیر: خواب ظاہر کرتا ہے کہ اللہ نہ کرے کوئی بیماری یا کسی قسم کے دھوکے یا ناگہانی پریشانی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ گھر کے کسی فرد کی بیماری کی وجہ سے گھر میں پریشانی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے یا پھر نوکری یا کاروباری معاملات میں کسی پریشان کن صورتحال کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے ۔ مالی معاملات بھی اس سے متاثر ہوں گے مگر اللہ کی مہربانی سے آپ اس پریشانی سے چھٹکارہ پا لیں گے ۔گھر کے سب لوگ نماز پنجگانہ کی پابندی کریں اور کثرت سے یاحی یاقیوم کا ورد کیا کریں ۔کسی منگل یا ہفتہ کو ظہر کی نماز کے بعد کالے چنے یا کالے ماش کسی مستحق کو دے دیں۔

کرفیولگنا

عارف علی ، ٹوبہ ٹیک سنگھ

خواب : میں نے دیکھا کہ میں اپنے گھر میں ہوں باہر شائد کوئی کرفیو لگا ہوا ہے یا کوئی اور وجہ ہے جس کی وجہ سے ھم باھر نہیں جا سکتے۔ میرے علاوہ خواب میں گھر میں کوئی بھی نظر نہیںآیا ۔ میرے پاس کھانے کو بھی کچھ نہیں ہے اور میں کافی بھوک محسوس کر رہا ہوتا ہوں ۔ باہر جانے کی کوشش کرتا ہوں مگر باہر کے حالات سے خوفزدہ ہو کر دروازہ نہیںکھول پاتا ۔ مگر بھوک مجھے بہت نڈھال کرتی جا رہی ہوتی ہے ۔ اس کے بعد میری آنکھ کھل گئی اور مجھے کچھ یاد نہیں رہا ۔

تعبیر: خواب ظاہر کرتا ہے کہ اللہ نہ کرے کوئی بیماری یا ناگہانی پریشانی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے کسی کے ساتھ خراب تعلقات یا دشمنی کی طرف بھی دلیل کرتا ہے کہ کسی طاقت ور دشمن سے پالا پڑ سکتا ہے۔ گھر کے کسی فرد کی بیماری کی وجہ سے گھر میں پریشانی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے یا پھر نوکری یا کاروباری معاملات میں کسی پریشان کن صورتحال کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ مالی معاملات بھی اس سے متاثر ہوں گے ۔ گھر کے سب لوگ نماز پنجگانہ کی پابندی کریں اور کثرت سے یاحی یاقیوم کا ورد کیا کریں ۔ کسی منگل یا ہفتہ کو ظہر کی نماز کے بعد کالے چنے یا کالے ماش کسی مستحق کو دے دیں ۔

قراتء کرنا

آمنہ امتیاز، لاہور

خواب : میں نے خواب دیکھا کہ میں اپنے گھر کی چھت پہ کھڑی زور زور سے سورہ الم نشرح کی تلاوت کر رہی ہوں اور بار بار کسی قاری کی طرح اپنا تلفظ درست کرنے کی کوشش کرتی ہوں ۔ اس دوران میرے دل میں بس یہی خیال ہوتا ہے کہ میں نے کل اس کو کلاس میں سنانا ہے ۔ جبکہ حقیقت میں ایسا کچھ بھی نہیں ہے۔ میں نے کبھی اس طرح کی قرات وغیرہ کے مقابلوں میں حصہ نہیں لیا ۔ مگر خواب میں تمام وقت یہی احساسات رہے کہ جیسے میں کل سنانے کے لئے خوبصورت انداز میں یاد کر رہی ہوں اور اسی کی تیاری میں یہاں مصروف ہوں ۔

تعبیر: اچھا خواب ہے جو اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ اللہ تعالی کے فضل و کرم سے بزرگی عطا ہو گی۔ علم و حکمت ملے گی۔ دینی و روحانی معاملات میں ترقی ہو گی۔ گھریلو و کاروباری معاملات میں دشمن پہ فتح نصیب ہو گی۔ آپ نماز پنجگانہ کی پابندی کریں اور تلاوت قرآن پاک کو باقاعدگی سے جاری رکھیں۔ کثرت سے یاحی یاقیوم کا ورد کیا کریں۔

گوشت کے پارچے ملنا

نسیم بیگم، کراچی

خواب : میں نے دیکھا کہ ہمارے ہمسائے گھر چھوڑ کہ جا رہے ہیں اور ان کی جگہ جو دوسرے لوگ آتے ہیں وہ کافی نیک اور دیندار قسم کے ہوتے ہیں ۔ ایک مرتبہ ان کی ملازمہ ایک خوان ڈھکا ہوا ہمارے لئے لاتی ہیں جو کہ انتہائی خوبصورت گوشت کے پارچوں پہ مشتمل ہوتا ہے اور وہ کہتی ہیں کہ میلاد کی خوشی میں یہ ان کے گھر والوں نے ہمارے لئے بھیجا ہے۔ میں بھی خوشی خوشی لے لیتی ہوں ۔ اور اگلے ہی لمحے خود کو قرآن پاک کھولے اونچی آواز میں تلاوت کرتے ہوئے محسوس کرتی ہوں اور جبکہ وہی پکوان میرے سامنے پڑا ہوتا ہے۔

تعبیر : اچھا خواب ہے جو اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ اللہ کی مہربانی سے آپ کے رزق میں اضافہ ہو گا ۔ علم و ہنر کی دولت آپ کو نصیب ہو گی ۔ جس سے آپ کو دنیاوی طور پہ بھی فائدہ ہو گا ۔ یعنی مال و وسائل میں بھی برکت ہو گی ۔ آپ نماز پنجگانہ کی پابندی کریں اور کثرت سے یاحی یاقیوم کا ورد کیا کریں ۔ تلاوت قرآن پاک کو اپنا معمول بنا لیں۔

بیماری لگنا

نمیرہ ، حاصل پور

خواب : میرے میاں نے یہ خواب دیکھا ہے کہ وہ حیض کی حالت میں ہیں۔ یہ بہت عجیب اور پریشانی والا خواب ہے ۔ ہم سب اس وقت سے پریشان ہیں۔

تعبیر: آپ کا خواب ظاہر کرتا ہے کہ اللہ نہ کرے کسی پریشانی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ خدانخواستہ کسی کی موت کی خبر بھی ہو سکتی ہے۔ گھریلو اور کاروباری یا تعلیمی معاملات میں بھی پریشانی و رکاوٹ کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے ۔ آپ نماز پنجگانہ کی پابندی کریں اور کثرت سے یاشکور یاحفیظ کا ورد کیا کریں ۔ حسب استطاعت صدقہ و خیرات بھی کریں ۔آپ کے لئے محفل مراقبہ میں دعا کرا دی جائے گی ۔

دفتر میں روزہ افطاری

گل محمد، پشاور

خواب : میں نے کچھ دن پہلے خواب میں دیکھا کہ میں اپنے دفتر میں بیٹھا کام کر رہا ہوں اور میرے باس کے کوئی ملاقاتی آتے ہیں جو ان کے مصروف ہونے کی بنا پہ میرے پاس بیٹھ جاتے ہیں۔ میں بھی خواب میں کام کرنے کی بجائے ان سے باتیں کر رہا ہوتا ہوں پھر اذان کی آواز آتی ہے تو وہ کچھ سامان خورونوش نکالتے ہیں اور مجھے اپنے ساتھ روزہ افطار کرنے کی دعوت دیتے ہیں اور میں ان کے ساتھ روزہ افطار کرنے لگ جاتا ہوں۔ باقی مجھے کچھ یاد تو نہیں مگر یہ خواب عجیب لگا کیونکہ ہمارے آفس کے اوقات اتنے نہیں ہیں کہ ہم افطار تک ادھر رہیں۔ برائے کرم اس کی تعبیر بتا دیں۔

تعبیر : اچھا خواب ہے جو کسی دلی مراد کے پورا ہونے کی طرف دلیل کرتا ہے ۔ دینی معاملات میں بہتری کے ساتھ ساتھ دنیاوی معاملات میں بھی آسانی و بہتری ہو گی ۔ رزق حلال میں اضافہ ہو گا اور اس کے لئے وسائل مہیا ہوں گے ۔آپ نماز پنجگانہ کی پابندی کریں اور کثرت سے ہر نماز کے بعد استغفار بھی کیا کریں۔

ریح کا مرض

ریحانہ بٹ، مظفر آباد

خواب : میں نے خواب دیکھا کہ میں اپنی امی کے گھر رہنے کے لئے آئی ہوئی ہوں کیونکہ بیماری کی وجہ سے میں گھر کا کچھ بھی کام کرنے سے قاصر تھی اور میری ساس نے اس بات کو بنیاد بنا کر میرے بھیا کو بلا کے مجھے ان کے ساتھ بنا میری مرضی کے رخصت کر دیا ۔اور میں یہ دیکھتی ہوں کہ ڈاکٹر مجھے کہتے ہیں کہ یہ بیماری مجھے ریح کی وجہ سے ہوئی ہے۔ درد کی شدت اتنی تھی کہ جب میری آنکھ کھلی تو میرا سارا جسم بری طرح اکڑا ہوا تھا اور میں ہل بھی نہیں پا رہی تھی۔

تعبیر: آپ کا خواب ظاہر کرتا ہے کہ اللہ نہ کرے گھریلو معاملات یا اولاد کی طرف سے آپ کو کچھ پریشانی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ ازدواجی معاملات میں بھی بیوی یا شوہر کی طرف سے اسی طرح کے مسلے کا سامنا ہو سکتا ہے۔ اس کے علاوہ کاروباری معاملات میں بھی کسی پریشانی سے رکاوٹ ہو سکتی ہے۔ اس کا تعلق کاروباری افراد سے ہو سکتا ہے جو آپ کے بھروسے کو توڑ سکتے ہیں ۔کوشش کریں کہ ان معاملات میں ضروری کاروائی لازمی کریں تا کہ کسی پریشانی سے بچا جا سکے۔ آپ نماز پنجگانہ کی پابندی کریں اور کثرت سے یاحی یاقیوم کا ورد کیا کریں۔ لازمی طور پر صدقہ و خیرات بھی کریں ۔

چھت پر دوست سے گفتگو

گلاب علی، چکوال

خواب : میں نے دیکھا کہ میں اپنی چھت پہ کھڑا ساتھ رہنے والے دوست سے باتیں کر رہا ہوں اور ہم دونوں آسمان کا پیارا سا رنگ دیکھ کر کافی خوش ہو رہے ہوتے ہیں۔ میرا دوست مجھے کہتا ہے کہ ہم پیرا گلائیڈنگ کرتے ہیں اور جہاں اس کی کلاسسز ہوتی ہیں ادھر جا کہ معلومات حاصل کرتے ہیں۔ میں اس بات پر اپنے دوست کو کہتا ہوں کہ میں تو کافی دفعہ آسمان کی سیر کر چکا ہوں۔ یہ کہہ کر میں بازو پھیلاتا ہوں اور اوپر کی طرف ایک پرندے کی طرح اڑنا شروع کر دیتا ہوں۔ میرا دوست اس پہ کافی حیران ہوتا ہے، مگر مجھے بہت مزہ آ رہا ہوتا ہے۔ میں کافی دیر ایسے ہی ہوا میں تیرتا رہتا ہوں، پھر اذان کی آواز سن کے اتر آتا ہوں۔

تعبیر: اچھا خواب ہے جو اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ اللہ تعالی کے فضل و کرم سے بزرگی عطا ہو گی۔ علم و حکمت ملے گی۔ دینی و روحانی معاملات میں ترقی ہو گی۔ آپ نماز پنجگانہ کی پابندی کریں اور تلاوت قرآن پاک کو باقاعدگی سے جاری رکھ کثرت سے یاحی یاقیوم کا ورد کیا کریں۔

بزرگ روٹی دیتے ہیں

محمد اسلم، سرگودھا

خواب : میں نے دیکھا کہ میں اپنے محلے کی مسجد میں نماز پڑھنے گیا ہوں ۔ وہاں ہمارے مولوی صاحب اپنے گاوں کی سوغات باجرے سے بنی ہوئی روٹی مجھے دیتے ہیں۔ وہ میں نے اس سے پہلے زندگی میں کبھی نہیں کھائی ہوتی۔ روٹی مجھے انتہائی لذیذ لگتی ہے ۔ میں تقریباً آدھی سے بھی زیادہ کھا جاتا ہوں اور باقی جیب میں یہ سوچ کر رکھ لیتا ہوں کہ گھر جا کر والدہ کو بھی چکھاوں گا۔

تعبیر : اچھا خواب ہے جو کسی دلی مراد کے پورا ہونے کی طرف دلیل کرتا ہے۔ دینی معاملات میں بہتری کے ساتھ ساتھ دنیاوی معاملات میں بھی آسانی و بہتری ہو گی ۔ رزق حلال میں اضافہ ہو گا اور اس کے لئے وسائل مہیا ہوں گے۔ آپ نماز پنجگانہ کی پابندی کریں اور کثرت سے ہر نماز کے بعد استغفار بھی کیا کریں ۔

چوٹ لگنا

تمکین حسن، پشاور

خواب : میں نے خواب دیکھا کہ میں اپنے گھر میں صفائی کر رہی ہوں جیسے کسی مہمان کی آمد پہ کی جاتی ہے۔ میں اچانک نیچے بچھے میٹ سے الجھ کے نیچے گر جاتی ہوں جس سے میرے ٹخنے پہ شدید چوٹ لگتی ہے جیسے ھڈی کے ٹوٹنے کا درد ہو ، تکلیف کی شدت سے میں نیم بے ہوش ہونے والی ہوتی ہوں۔ مگر میری والدہ پریشان ہو کر پھٹے ہوئے میٹ کو ہی دیکھتی چلی جاتی ہیں کہ یہ کیسے پھٹ گیا ۔

تعبیر: آپ کا خواب ظاہر کرتا ہے کہ اللہ نہ کرے کسی پریشانی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ خدانخواستہ کسی کی موت کی خبر بھی ہو سکتا ہے۔گھریلو اور کاروباری یا تعلیمی معاملات میں بھی پریشانی و رکاوٹ کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ آپ نماز پنجگانہ کی پابندی کریں اور کثرت سے یا شکور یا حفیظ کا ورد کیا کریں۔ حسب استطاعت صدقہ و خیرات بھی کریں۔ آپ کے لئے محفل مراقبہ میں دعا کرا دی جائے گی ۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں