ریما خان کی مولانا طارق جمیل سے ملاقات بیٹے کے انتقال پر تعزیت
رواں سال 29 اکتوبر کو مولانا طارق جمیل کے بیٹے عاصم جمیل نے اپنے سینے پر گولی مار کر خود کشی کرلی تھی
ماضی کی مقبول ترین فلم اسٹار ریما خان نے معروف عالم دین مولانا طارق جمیل سے ملاقات کی اور اُن کے بیٹے عاصم جمیل کے انتقال پر اظہارِ تعزیت بھی کی۔
ریما خان نے حال ہی میں مولانا طارق جمیل سے ملاقات کی جس کی تصویر اُنہوں نے اپنے آفیشل انسٹاگرام اکاؤنٹ پر پوسٹ کی اور ساتھ ہی کیپشن میں ایک نوٹ بھی لکھا۔
اداکارہ نے کہا کہ "میں نے محترم مولانا طارق جمیل صاحب سے ان کے بیٹے عاصم جمیل کے انتقال پر تعزیت کرنے کے لیے ملاقات کی"۔
اُنہوں نے کہا کہ "اس ملاقات کے دوران، مولانا صاحب اور ان کے اہل خانہ نے مجھے جو سبق دیا وہ یہ تھا کہ ہر حال میں اللہ تعالیٰ کے سامنے سر جھکانا چاہیے اور اللہ کی مرضی پر راضی ہونا چاہیے"۔
مزید پڑھیں: ثنا خان نے مولانا طارق جمیل کے بیٹے کی خودکشی پر کیا کہا؟
ریما خان نے مولانا طارق جمیل اور اُن کے اہلخانہ کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ "میں نے مولانا صاحب کی زندگی میں بھی وہ سب دیکھا ہے جس کی وہ تبلیغ کرتے ہیں، وہ اور اُن کے اہلخانہ نہ صرف زبانی طور پر اسلام کی تبلیغ کررہے ہیں بلکہ عملی طور پر بھی اسلام سے وفاداری کا مظاہرہ کررہے ہیں"۔
آخر میں ریما خان نے مولانا طارق جمیل کی لمبی عُمر کی دُعا کی اور کہا کہ "اللہ! مولانا صاحب اور اُن کے اہلخانہ کو عاصم جمیل کے انتقال پر صبر عطا کرے، آمین"۔
واضح رہے کہ 29 اکتوبر کو مولانا طارق جمیل کا بیٹا عاصم جمیل گولی لگنے سے جاں بحق ہوگیا تھا، ڈی ایس پی میاں چنوں سلیم مارتھ کے مطابق عاصم جمیل نے اپنے سینے پر گولی مار کر خود کشی کی تھی، وہ طویل عرصے سے ذہنی امراض کا شکار تھے۔