دہشت گردکراچی میں بڑی کارروائی کرناچاہتے ہیں الطاف حسین

بازاروں،مارکیٹوںاور علاقوں میں ہنگامی بنیادپرچوکیداری سسٹم نافذکیاجائے،شہریوں سے اپیل


Express Desk September 19, 2012
بازاروں،مارکیٹوںاور علاقوں میں ہنگامی بنیادپرچوکیداری سسٹم نافذکیاجائے،شہریوں سے اپیل۔ فوٹو: فائل

متحدہ قومی موومنٹ کے قائدالطاف حسین نے کراچی کے تمام دکانداروں ، مارکیٹ انجمنوں سمیت شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ دہشتگردی کے خطرات کے پیش نظراپنے اپنے بازاروں،مارکیٹوں اورعلاقوں میں ہنگامی بنیادپر چوکیداری سسٹم نافذکریں۔

نائن زیروپررابطہ کمیٹی سے گفتگو کرتے ہوئے الطاف حسین نے حیدری مارکیٹ کے قریب بم دھماکوںکی شدیدمذمت کی اوران واقعات میں متعدد افرادکے جاں بحق وزخمی ہونے پردلی افسوس کااظہارکیا اور کہا کہ دہشت گردعناصرملک خصوصاًکراچی میں دہشت گردی کی بڑی کارروائیاں کرناچاہتے ہیں،دہشت گردی کی روک تھام کیلیے جہاں حکومت کافرض ہے کہ وہ شہریوںکی جان ومال کے تحفظ کیلیے مؤثراقدامات کرے وہیں شہریوںکی بھی ذمے داری ہے کہ وہ اس سلسلے میں بھرپورتعاون کریں۔الطاف حسین نے کہاکہ مشکوک افرادپر نظر رکھی جائے اگرکوئی فرد کسی بھی قسم کابیگ یاکوئی مشکوک چیزرکھے توفوری طورپراس کی اطلاع 15 ،مقامی پولیس یاقانون نافذ کرنے والے اداروں کودیں تاکہ کسی بھی قسم کی تخریبی کارروائی کوبروقت ناکام بنایاجاسکے اورشہریوں کی جانوںکوبچایاجاسکے۔

الطاف حسین نے ایم کیوایم کے تمام سیکٹروں،یونٹوں کے ذمہ داروں، کارکنوں اورعام شہریوں سے بھی اپیل کی کہ وہ اپنی مددآپ کے تحت علاقے کے نوجوانوں،بزرگوں،علما،خواتین اورطلبہ پرمشتمل ویجیلنس کمیٹیاں تشکیل دیں اورمشکوک افرادپرنظر رکھیں۔الطاف حسین نے حیدری مارکیٹ میں ہونے والے دھماکوں کوکھلی دہشت گردی قراردیاکہاکہ دہشت گرد عناصرشہر میں غیر یقینی کی صورتحال پیدا کرناچاہتے ہیں۔انھوں نے صدرزرداری،وزیراعظم راجاپرویر اشرف،وفاقی وزیر داخلہ رحمٰن ملک،گورنرسندھ عشر ت العباد،وزیراعلیٰ سندھ قائم علی شاہ اورقانون نافذکرنے والے اداروں سے مطالبہ کیاکہ حیدری دھماکوںکافوری نوٹس لیاجائے اورواقعے میں ملوث دہشتگردوںکو گرفتارکرکے انہیں عبرتناک سزادی جائے۔

رات گئے ایم کیوایم کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق الطاف حسین نے گورنرہاؤس کراچی میں گورنرعشرت العباد،چیف سیکریٹری راجاعباس اورآئی جی سندھ فیاض لغاری سے گفتگوکرتے ہوئے وفاقی وصوبائی حکومت سے پرزورمطالبہ کیاکہ دہشتگردی کے خاتمے کیلیے مؤثراقدامات کیے جائیں،اب پولیس اورسیکیورٹی فورسزکودہشتگردی پرقابوپانے اورشہریوںکی جان ومال کے تحفظ کیلیے سائنسی بنیادپرمنظم ہوناہوگا۔گورنر ڈاکٹرعشرت العباد،چیف سیکریٹری راجا عباس اورآئی جی سندھ فیاض لغاری نے الطاف حسین کویقین دلایاکہ دہشتگردی پرقابوپانے اورشہریوںکی جان ومال کے تحفظ کیلیے تمام صلاحیتیں بروئے کارلائی جائیں گی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں