ایک ہفتے میں 51 لاکھ سے زائد زائرین کی روضہ رسولؐ پر حاضری

ایرانی زائرین کی بڑی تعداد میں سعودی عرب آمد کا سلسلہ جاری

فوٹو: فائل

ایک ہفتے کے دوران زائرین کی ریکارڈ تعداد نے روضہ رسولؐ پر حاضری کی سعادت حاصل کی۔

سعودی گزٹ کے مطابق مسجد نبوی کے امور کی نگرانی کرنے والی جنرل اتھارٹی نے بتایا ہے کہ 8 سے 15 دسمبر 2023 کے درمیان تقریباً 51 لاکھ 19 ہزار زائرین نے روضہ رسول صلی اللہ علیہ وسلم پر حاضری دی۔

اتھارٹی کے مطابق 15 ہزار 295 بزرگوں اور خصوصی ضروریات کے حامل افراد نے نامزد سائٹوں تک رسائی حاصل کی جبکہ مختلف زبانوں میں ترجمہ کی خدمات کو مختلف قومیتوں کے 87 ہزار446 افراد نے استعمال کیا۔


اس کے علاوہ مسجد کی لائبریری نے 13 ہزار 584 زائرین کو اپنی جانب راغب کیا۔ 4 ہزار 783 لوگوں نے نمائشوں اور عجائب گھروں کی تلاش کی اور 8 ہزار 638 نے فون سروسز ودیگر مواصلاتی ذرائع کا استعمال کیا۔

اتھارٹی نے زمزم کے پانی کی 111,600 سے زیادہ بوتلیں اور 92,992 افطار باکس تقسیم کیے۔ نمازیوں اور زائرین میں 42 ہزار 125 تحائف بھی تقسیم کیے گئے۔

دریں اثنا العربیہ نیوز کے مطابق ایرانی عمرہ زائرین کی بڑی تعداد میں سعودی عرب آمد کا سلسلہ جاری ہے اور آئندہ ماہ 85 ہزار ایرانی زائرین عمرہ ادا کرنے سعودی عرب پہنچیں گے۔

ایرانی عمرہ زائرین کی بڑی تعداد 2 جنوری کو جدہ کے کنگ عبدالعزیز انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر اترے گی۔ وہاں سے ایرانی عمرہ زائرین مدینہ منورہ جائیں گے اور عمرہ ادائیگی کے لیے مکہ معظمہ واپس آئیں گے۔
Load Next Story