سابق اسپیکر قومی اسمبلی ڈاکٹر فہمیدہ مرزا ٹریفک حادثے میں زخمی
ڈیفنس خیابان شمشیر کے قریب عقب سے آنے والی گاڑی نے ٹکر ماری،حالت خطرے سے باہر، بیٹا معجزانہ طور پر محفوظ رہا، پولیس
ڈیفنس خیابان شمشیر کے قریب سابق اسپیکر قومی اسمبلی ڈاکٹر فہمیدہ مرزا ٹریفک حادثے میں زخمی ہوگئیں ، کار میں ان کا بیٹا بھی سوار تھا جو معجزانہ طور پر محفوظ رہا۔
سابق اسپیکر قومی اسمبلی ڈاکٹر فہمیدہ مرزا کی گاڑی کو عقب سے آنے والی تیز رفتار گاڑی نے ٹکر ماری تھی جس کے نتیجے میں وہ زخمی ہوگئیں اور انھیں فوری طبی امداد کے لیے کلفٹن میں قائم نجی اسپتال لے جایا گیا۔
واقعے کی اطلاع پر پولیس جائے وقوعہ پہنچ گئی جبکہ حادثے میں دونوں گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچا۔
پولیس حکام کے مطابق ابتدائی تحقیقات کے دوران معلوم ہوا ہے کہ حادثے کے وقت کار میں ڈاکٹر فہمیدہ مرزا کے ہمراہ ان کا بیٹا بھی موجود تھا جو معجزانہ طور پر محفوظ رہا۔
پولیس کا کہنا تھا کہ جائے وقوعہ پر جب پولیس پہنچی تو وہاں دونوں گاڑیاں موجود نہیں تھیں اور معلوم کرنے پر بتایا گیا کہ دونوں گاڑیاں اسپتال روانہ ہوچکی تھیں جس پر پولیس نجی اسپتال پہنچ گئی ۔
پولیس کے مطابق فہمیدہ مرزا کے بیٹے حسنین مرزا نے اسپتال میں پولیس کو بتایا کہ ہماری گاڑی کو عقب سے آنے والی گاڑی نے ٹکر ماری تھی جس کی وجہ سے والدہ زخمی ہوئی ہیں اور ان کی حالت خطرے سے باہر ہے تاہم پولیس واقعے کی مزید چھان بین کر رہی ہے ۔