کراچی لیاری میں 3 افراد قتل پرتشدد واقعات میں آج ہلاک ہونے والوں کی تعداد 6 ہوگئی

فائرنگ کے واقعہ کے بعد علاقے میں کشیدگی پھیل گئی ہے جب کہ کاروبار، مارکیٹیں اور دکانیں بند ہو گئیں

نا معلوم حملہ آوروں نے چیل چوک کے قریب اندھا دھند فائرنگ کی جس کے نتیجے میں 3 افراد جاں بحق ہوئے۔ فوٹو : این این آئی/فائل

لیاری کے علاقے چیل چوک میں نامعلوم افراد نے فائرنگ کر کے 3 افراد کو قتل کردیا جب کہ شہر کے مختلف علاقوں میں ہونے والے پر تشدد واقعات میں آج ہلاک ہونے والوں کی تعداد 6 ہو گئی ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق کراچی کےعلاقے لیاری میں تھانہ کلاکوٹ کی حدود میں 2 موٹر سائیکلوں پر سوار حملہ آوروں نے چیل چوک کے قریب اندھا دھند فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں 3 افراد جاں بحق ہو گئے، فائرنگ سے جاں بحق ہونے والوں کی عمریں 25 سے 35 سال کے درمیان ہیں جب کہ ان کی شناخت ذبیر عرف بھایا، عارف اور وحید عرف پپو کے ناموں سے ہوئی ہے۔


امدادی ٹیموں کے اہلکاروں نے تینوں افراد کی لاشوں کو سول اسپتال منتقل کیا جب کہ فائرنگ کے واقعے کے بعد علاقے میں کشیدگی پھیل گئی ہے اور کاروبار اور دکانیں بند ہو گئی ہیں۔ پولیس اور رینجرز حکام نے واقعہ کے بعد علاقے کا محاصرہ کر کے ملزمان کی گرفتاری کے لئے سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔

اس سے قبل ناظم آباد میں میٹرک بورڈ آفس کے قریب فائرنگ سے ایک شخص زخمی ہوگیا جسے قریبی اسپتال منتقل کیا جارہا تھا کہ وہ راستے میں ہی دم توڑ گیا، مقتول کی شناخت شاہد شاہ کے نام سے ہوئی ہے اور وہ پولیس کانسٹیبل تھا۔ اورنگی ٹاؤن کے علاقے مومن آباد میں موٹر سائیکل پر سوار نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے 24 سالہ کامران کو قتل کردیا جب کہ آئی آئی چندریگر روڈ پر ریلوے پھاٹک کے قریب سے ایک شخص کی لاش ملی۔
Load Next Story