ٹی20 ورلڈکپ پہلے میچ سے 178سال پرانی یاد تازہ ہوگی

1844 میں تاریخ کا اولین انٹرنیشنل میچ کھیلنے والی امریکا اور کینیڈا کی ٹیمیں مقابل ہوں گی


Sports Desk December 21, 2023
(فوٹو: فائل)

ٹی20 ورلڈکپ کا افتتاحی میچ 178 سال پرانی یاد تازہ کرے گا، 1844 میں تاریخ کا اولین انٹرنیشنل میچ کھیلنے والی امریکا اور کینیڈا کی ٹیمیں مقابل ہوں گی۔

تفصیلات کے مطابق آئی سی سی ٹی20 ورلڈکپ آئندہ سال امریکا اور ویسٹ انڈیز کی مشترکہ میزبانی میں کھیلا جائے گا، شیڈول کا اعلان رواں ہفتے ہی متوقع ہے۔ برطانوی اخبار کی رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ حیران کن طور پر افتتاحی میچ میں دفاعی چیمپئن انگلینڈ، بھارت اور آسٹریلیا سمیت فیورٹس میں شامل کوئی ٹیم ایکشن میں نہیں ہوگی۔

پہلا میچ امریکا اور کینیڈا کے مابین ہوگا، اس انوکھے فیصلے کی وجہ یہ بتائی گئی کہ انٹرنیشنل کرکٹ کا اولین مقابلہ بھی انھیں دونوں ٹیموں کے مابین 1844 میں مین ہیٹن میں ہوا تھا، اس 3 روزہ میچ میں کینیڈا نے 23 رنز سے کامیابی حاصل کی تھی، پہلا ٹیسٹ میچ اس کے 33 سال بعد انگلینڈ اور آسٹریلیا نے کھیلا گیا تھا۔

مزید پڑھیں: ٹی20 ورلڈکپ؛ پاک بھارت مقابلہ امریکا کے کس شہر میں ہوگا؟ نام پر اتفاق ہوگیا

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ایونٹ میں شریک 20 ٹیموں میں سے 10 اپنا پہلا میچ امریکا، باقی ویسٹ انڈیز میں کھیلیں گی، ٹیکساس، فلوریڈا اور نیویارک میزبان ہوں گے۔ سپر 8 مرحلہ، سیمی فائنلز اور فائنل ویسٹ انڈیز میں شیڈول کیے جائیں گے۔

مزید پڑھیں: ٹی20 ورلڈکپ 2024 سے قبل آئی سی سی نے ''لوگو'' تبدیل کردیا

بھارت کے 3 میچز امریکا میں ہونے ہیں، ان میں سے پاک بھارت ہائی وولٹیج مقابلہ لانگ آئی لینڈ میں بنائے جانے والے عارضی اسٹیڈیم پر ہوگا، براڈ کاسٹرز کی درخواست پر بھارت کے مقابلے صبح ساڑھے 9 بجے شروع ہوں گے تاکہ ایشیائی ناظرین کی بڑی تعداد انھیں دیکھ سکے۔

دوسری جانب انگلینڈ کے ویسٹ انڈیز میں میچز ایسی اینٹی گووا، سینٹ لوشیا اور بارباڈوس میں رکھے گئے ہیں، یہ تمام جزائر اپنے تفریحی مقامات اور سیروسیاحت کیلیے مشہور ہیں۔

مزید پڑھیں: ٹی20 ورلڈکپ 2024؛ رکن ملک نے میگا ایونٹ سے دستبرداری کا اعلان کردیا

یاد رہے کہ آخری ٹی20 ورلڈکپ 2022 میں ہوا تھا، آسٹریلیا میں منعقدہ ایونٹ کی ٹرافی انگلینڈ نے قبضے میں کی تھی، پاکستان کو فائنل میں ناکامی کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں