مقبوضہ کشمیر بھارتی فوج کے ٹرک پر حملے میں ہلاکتیں 5 ہوگئیں

حملہ اتنا اچانک تھا کہ بھارتی فوجیوں کو سنبھلنے کا موقع نہیں مل سکا، ہلاکتوں میں مزید اضافے کا خدشہ

مقبوضہ کشمیر میں حملہ اتنا اچانک تھا کہ بھارتی فوجیوں کو سنبھلنے کا موقع نہیں مل سکا ، فوٹو: فائل

مقبوضہ کشمیر کے ضلع پونچھ میں بھارتی فوج کے ٹرک پر نامعلوم مسلح افراد نے گھات لگا کر حملہ کیا جس کے نتیجے میں ہونے والی ہلاکتیں 5 ہوگئیں جب کہ دیگر 3 اہلکار شدید زخمی ہیں۔

بھارتی نشریاتی ادارے این ڈی ٹی وی کے مطابق مقبوضہ کشمیر کے ضلع پونچھ میں بھارتی فوج کے ٹرک اور ایک گاڑی پر اس وقت حملہ کیا گیاجب یہ ٹرک اہلکاروں کو لے کر بیس کی جانب ایک ٹنل سے گزر رہا تھا۔

بھارتی فوج کی گاڑیوں کو پہاڑی پر گھات لگائے حملہ آوروں نے نشانہ بنایا۔ حملہ اتنا اچانک کیا گیا کہ ٹرک میں موجود بھارتی فوجیوں کو سنبھلنے کا موقع نہیں مل سکا۔ حملہ آور کارروائی کے بعد بآسانی فرار ہوگئے۔

حملے کے بعد بھارتی فوج نے گاڑیوں میں موجود بھارتی فوجیوں کی تعداد سے آگاہ نہیں کیا گیا تاہم 3 فوجیوں کی ہلاکت اور 5 کے زخمی ہونے کی تصدیق کی گئی تھی تاہم آج مزید 2 ہلاکتوں کی تصدیق کردی گئی۔


مارے گئے بھارتی فوجیوں کی شناخت بریندر سنگھ، کَرن کمار، چندن کمار اور گوتم کمار کے نام سے ہوئی جب کہ زخمیوں میں سندیپ کمار، شیئم سندر داس اور ٹوڈمل بھاسکری شامل ہیں۔

حملے کا شکار ہونے والے بھارتی فوجیوں کی مدد کے لیے مزید نفری طلب کرکے علاقے کا محاصرہ کرلیا گیا اور سرچ آپریشن کے نام پر اپنی ناکامیوں کا غصہ عام اور معصوم شہریوں پر اتارا گیا۔

یاد رہے کہ گزشتہ دو برسوں کے دوران سرچ آپریشن کے لیے جانے والے بھارتی فوجی اور پولیس پر حملوں میں مارے گئے اہلکاروں کی تعداد 50 کے قریب جا پہنچی ہے۔

 
Load Next Story