مستونگ میں زائرین کی بس دھماکے سے تباہ 3 افراد جاں بحق

کارمیں نصب بم پھٹتے ہی بس الٹ گئی،آگ لگنے سے زائرین اور ان کا سامان جل گیا


Monitoring Desk/Numaindgan Express September 19, 2012
مستونگ: بم دھماکے میں تباہ ہونے والی زائرین کی بس کا مقامی رضاکار معائنہ کررہے ہیں۔ فوٹو: اے ایف پی

مستونگ میں زائرین کی بس کے قریب کاربم دھماکے میں3 افراد جاں بحق،3لیویز اہلکاروں سمیت9 افراد زخمی ہوگئے۔

زخمیوں میں خواتین اور بچوں بچے بھی شامل ہیں،منگل کی شام ساڑھے5 بجے تفتان سے کوئٹہ آنے والی زائرین کی بس جب مستونگ کے علاقے غنچہ ڈھوری کے مقام پرپہنچی توکار میں نصب بم زور دار دھماکے سے پھٹ گیا،دھماکے کے بعد بس الٹ گئی جس کے بعد اس میں آگ لگ گئی،آگ نے بس کو مکمل طور پر جلاڈالا جبکہ زائرین کا سامان بھی خاکستر ہوگیا۔ واقعے میں 3 افراد جاں بحق،3 لیویز اہلکاروں سمیت9افراد زخمی ہوگئے، عینی شاہدین کے مطابق کار کو زائرین کی بس کے ساتھ ٹکرایاگیا جس کے بعد زور داردھماکا ہوا۔

ڈپٹی کمشنرمستونگ عرفان غرشین کے مطابق بس میں 10سے15 مسافرسوارتھے 3 یا 2مسافرآگ میں جھلس کر جاں بحق ہوئے۔ واقعے کے خلاف مشتعل افراد نے بروری روڈ پر ٹائر جلائے اورشدید احتجاج کیا،آن لائن کے مطابق واقعے کی ذمے داری جیش الاسلام نامی تنظیم نے قبول کرلی ترجمان غازی حق نواز نے نامعلوم مقام سے فون کے ذریعے بتایاکہ بس پر مجاہدین نے ریمورٹ کنٹرول بم سے حملہ کیا۔علاوہ ازیں وزیراعلیٰ بلوچستان نواب رئیسانی نے مذمت کرتے ہوئے قیمتی جانوں کے ضیاع پرافسوس کااظہار کیا۔

وفاق المدارس الشیعہ پاکستان نے مستونگ میں زائرین کی بس پرریموٹ بم دھماکے کی شدیدمذمت کرتے ہوئے کہاکہ ان حساس لمحات میں جبکہ پوری قوم امریکا کے خلاف سراپا احتجاج ہے کالعدم تنظیموں کے دہشت گرد امریکا کے خلاف احتجاج کے بجائے اپنے بیگناہ ہم وطنوں کو نشانہ بنارہے ہیں۔ ترجمان نصرت علی شہانی نے چیف جسٹس سے مطالبہ کیاکہ چند روز قبل کوئٹہ میں اس صورتحال کے بارے اپنے ریمارکس کے تقاضے پورے کریں اور صوبائی و مرکزی حکومت کی مجرمانہ غفلت پرسخت اقدام کریں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں