صوفی بزرگ لعل شہباز قلندر کے مزار سے 1 کروڑ سے زائد مالیت کا سونا چوری
مینیجر زبیر بلوچ نے چوری کا اعتراف کرلیا، سندھ بھر کے مزارات کے مینیجرز کے خلاف تحقیقات کا فیصلہ
سندھ کے ضلع جامشورو کے علاقے سیہون میں قائم معروف صوفی بزرگ حضرت لعل شہباز قلندر کی درگاہ سے ایک کروڑ سے زائد مالیت کے سونا اور زیورات چوری ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق درگاہ لعل شہباز قلندر سے ایک ماہ کے دوران ایک کروڑ 23 لاکھ 72 ہزار 863 روپے مالیت کا نذرانے میں دیا گیا سونا چوری ہوا۔
درگاہ میں چوری کی خبر پر نگراں وزیر برائے اوقاف عمر سومر نے نوٹس لیتے ہوئے لعل شہباز قلندر کے مزار کے مینجر کو معطل کردیا جبکہ تحقیقات کیلیے کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت بھی کردی۔
علاوہ ازیں نگراں صوبائی وزیر نے درگاہ کے مینیجر کے خلاف مقدمہ درج کرنے اور کیس اینٹی کرپشن کو بھیجنے کا حکم بھی دیا اور ملزم سے چوری شدہ سونا و زیورات برآمد کرنے کی سفارش بھی کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ درگاہ کے مینیجر کی تنخواہ اور پنشن بھی فوری روکنے کے احکامات بھی جاری کردیے ہیں۔ ترجمان محکمہ اوقاف نے بتایا کہ درگاہ کے مینیجر زبیر بلوچ نے تحقیقات کے دوران اپنا جرم قبول کیا اور چوری کا بھی اعتراف کرلیا ہے۔
چوری کی اس بڑی واردات کے بعد نگراں حکومت نے سندھ میں قائم تمام درگاہوں کے مینیجرز کے خلاف بھی تحقیقات کا فیصلہ کیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ زبیر بلوچ کئی سال سے درگاہ کے مینیجر تعینات تھے اور نذرانہ باکس کی چابی بھی اُن کے پاس ہی تھی۔