جنوبی بھارت میں طوفان اور بارشوں سے 35 افراد ہلاک
واقعات 17 دسمبر سے ریاست کے مختلف اضلاع سے رپورٹ ہوئے ہیں، حکام
جنوبی بھارت کی ریاست تامل ناڈو میں گزشتہ ہفتے کے دوران بارش سے جوڑے واقعات میں 35 افراد ہلاک ہوگئے۔
الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق ریاست میں محکمہ ڈیزاسٹر کے ایک سینئر اہلکار رمن ایس نے بتایا کہ یہ واقعات 17 دسمبر سے ریاست کے مختلف اضلاع سے رپورٹ ہوئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ "ریسکیو آپریشن اب ختم ہو چکا ہے تاہم متاثرہ آبادی کو کھانا فراہم کر رہے ہیں اور کئی جگہوں پر کچن کھولے گئے ہیں''۔
حکام نے بتایا کہ جنوبی ریاست کے کئی اضلاع میں شدید بارشوں کے بعد سڑکوں اور علاقوں میں پانی بھر جانے کے بعد ہزاروں افراد کو بچایا گیا ہے۔ واضح رہے کہ روان ماہ کے آغاز میں طوفان Michaung کے ریاست سے ٹکرانے کے بعد بارش اور سیلاب نے روزمرہ کی زندگی کو درہم برہم کر دیا تھا، جس میں کم از کم 12 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔
دوسری جانب ریاست میں انسانی امداد کے آفات سے متعلق امدادی مشن میں مصروف بھارتی فضائیہ نے بتایا کہ یہ آپریشن لینڈ سلائیڈنگ اور سیلاب سے متاثر جنوبی تامل ناڈو میں پانچویں دن بھی جاری رہا۔