اسلام آباد میں بلوچ مظاہرین پر تشدد کیخلاف پنجگور میں ہڑتال قومی شاہراہ پر دھرنا

مظاہرین نے دو روز سے جاری دھرنا انتظامیہ کو دس گھنٹے کی مہلت دے کر عارضی طور پر ختم کردیا

فوٹو فائل

اسلام آباد پولیس کی جانب سے بلوچ مظاہرین پر تشدد اور گرفتاریوں کے خلاف پنچگور میں شٹر ڈاؤن ہڑتال کی گئی جبکہ مظاہرین نے دوسرے روز بھی کراچی کوئٹہ شاہراہ کو دھرنا دے کر بند رکھا۔

تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں بلوچ خواتین، بچوں اور مظاہرین کے خلاف اسلام آباد کے کریک ڈاؤن بلوچ یکجہتی کمیٹی کی کال پر پنچگور شہر میں شٹر ڈاؤن ہڑتال کی گئی ہے۔

بلوچ یکجہتی کمیٹی کی کال پر شہر کی تمام چھوٹی بڑی مارکیٹیں اور مالیاتی ادارے بند رہے جبکہ سڑکوں پر ٹریفک بھی معمول سے کم رہا۔

اُدھر قلات میں خواتین مظاہرین نے منگچرکے مقام پر کوئٹہ کراچی شاہراہ کو دوسرے روز بھی رکاوٹیں ڈال کر بند رکھا اور تمام گرفتار افراد کی رہائی سمیت لاپتہ افراد کی فوری بازیابی کا مطالبہ کیا۔


مزید پڑھیں: اسلام آباد میں گرفتار ہونے والے 162 بلوچ مظاہرین کی ضمانتیں منظور

اس کے بعد انتظامیہ سے مذاکرات کامیاب ہوئے تو مظاہرین نے قومی شاہراہ سوراب سے دھرنا ختم کرتے ہوئے مظاہرین کی رہائی کے لیے حکومت کو دس گھنٹوں کی مہلت دی۔

بلوچ یکجہتی کمیٹی کے رہنما نے کہا کہ گرفتار افراد کو رہا نہیں کیا گیا تو دوبارہ روڈ بلاک کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ اسلام آباد میں پیش آنے والے واقعے کے بعد کراچی کوئٹہ شاہراہ کو مظاہرین نے مختلف مقامات پر دھرنا دے کر گزشتہ روز بند کردیا تھا جس کے بعد کوئٹہ سے کراچی کا زمینی راستہ دو روز تک بند رہا۔
Load Next Story