کلر سیداں شوہر کے قتل میں ملوث اہلیہ اپنے ساتھی سمیت گرفتار

مقتول کی اہلیہ نے آشنا کیساتھ خاوند کو قتل کیا اور واقعے کو ڈکیتی کا رنگ دیا، پولیس


ویب ڈیسک December 24, 2023
فوٹو : ایکسپریس نیوز

تھانہ کلر سیداں کے علاقے میں 4 روز قبل ہونے والی ڈکیتی معہ قتل کے واقعے میں مقتول کی اہلیہ ہی قاتلہ و منصوبہ ساز نکلی، آشنا کے ساتھ خاوند کو قتل کیا بعدازاں واقعے کو ڈکیتی کا رنگ دیا۔

چار روز قبل حساس ادارے میں تعینات عابد حسین اپنی اہلیہ ندا کے ہمراہ سسرال سے گھر واپس جا رہا تھا کہ مسلح ملزمان نے اسے فائرنگ کرکے قتل کر دیا، مقتول کی اہلیہ ندا نے واقعے کو ڈکیتی قرار دیا اور پولیس کو بتایا کہ راستے میں جاتے ہوئے بیگ گرا جو اٹھانے کے لیے رکے تو ڈاکوؤں نے واردات کے دوران خاوند کو قتل کر دیا۔

مقدمہ مقتول کی اہلیہ کے بیان پر ہی درج کرکے راولپنڈی پولیس کے آرگنائز کرائم سیل نے تفتیش شروع کی اور معاملہ مشکوک ہونے پر مقتول کی اہلیہ کو شامل تفتیش کیا تو ملزمہ نے آشنا کے ساتھ مل کر خاوند کو قتل کرنے کا اعتراف کرلیا جس کے انکشافات کی روشنی میں اس کے آشنا زاہد کو بھی گرفتار کرلیا گیا۔

پولیس حکام کے مطابق مقتول عابد حسین کی ایک سال قبل ملزمہ ندا سے شادی ہوئی تھی، عابد حسین حساس ادارے میں ملازم اور چھٹی پر گھر آیا ہوا تھا، مقتول کی اہلیہ ندا اور آشنا زاہد نے منصوبہ بندی سے عابد حسین کو قتل کیا جبکہ قتل کی واردات کو ڈکیتی مزاحمت پر قتل کا رنگ دینے کی کوشش کی۔ ملزمہ ندا اور ملزم زاہد شادی سے پہلے ایک جگہ نوکری کرتے تھے جہاں پر دونوں کے تعلقات استوار ہوئے۔

سی پی او راولپنڈی خالد ہمدانی نے واردات ٹریس کرنے پر پولیس ٹیم کی کارکردگی کو سراہا۔ سی پی او خالد ہمدانی کا کہنا تھا کہ ملزمان کو ٹھوس شواہد کے ساتھ چالان کر کے قرار واقعی سزا دلوائی جائے گی، ملزم کتنا ہی شاطر کیوں نہ ہو قانون کے شکنجے سے نہیں بچ سکتا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں