دوران حراست تین کشمیریوں کی شہادت کے بعد بھارتی فوج کے تین افسران فارغ

تینوں کشمیریوں کو بھارتی فوج نے جمعرات کو پونچھ سے حراست میں لیا تھا


ویب ڈیسک December 24, 2023
(فوٹو: فائل)

مقبوضہ کشمیر میں دوران حراست تشدد سے تین کشمیریوں کی شہادت کے بعد بھارتی فوج نے تین افسران کو عہدوں سے ہٹادیا۔

رپورٹس کے مطابق مقبوضہ کشمیر کے ضلع پونچھ میں دوران حراست بہیمانہ تشدد سے تین زیرحراست کشمیریوں کی شہادت کے بعد بھارتی فوج نے بریگیڈیئر سمیت تین افسران کو انکے عہدوں سے ہٹادیا ہے۔

معزول بریگیڈیئر بھارتی فوج کی انسداد بغاوت فورس راشٹریہ رائفلز کا سیکٹر کمانڈر تھا جو 1990 میں جموں و کشمیر میں عسکریت پسندی سے لڑنے کے مقصد کیلئے بنائی گئی تھی۔

بھارتی فوج نے محفوظ حسین، محمد شوکت اور شبیر احمد کو جمعرات کو ضلع پونچھ میں محاصرے کے دوران حراست میں لیا تھا اور جمعہ کو تینوں کی لاشیں انکے اہلخانہ کے حوالے کی گئیں۔

ان تینوں شہریوں کو سرنکوٹ میں بھارتی فوجیوں پر ہونے والے حملے کے بعد گرفتار کیا گیا تھا جس میں پانچ فوجی ہلاک اور دو زخمی ہوئے تھے۔

تینوں کا تعلق ایک قبائلی برادری سے ہے جسے گجر کہا جاتا ہے جو روایتی طور پر کشمیر کے پہاڑی علاقوں میں چراگاہ کی زندگی گزارتے ہیں۔

الجزیرہ کے مطابق مقبوضہ کشمیر میں علاقائی اتھارٹی کے محکمہ اطلاعات نے کہا ہے کہ اس معاملے پر قانونی کارروائی شروع کر دی گئی ہے تاہم اس نے مزید تفصیلات نہیں بتائیں جبکہ بھارتی فوج نے بھی کہا ہے کہ اس واقعہ کی تحقیقات جاری ہیں۔

بھارتی انتظامیہ نے مرنے والوں کے اہلخانہ کو معاوضہ اور نوکریاں دینے کا بھی اعلان کیا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں