سلمان خان کا ارباز کی دلہنیا شوریٰ کیساتھ ڈانس وائرل
ارباز خان اور ملائکہ اروڑا کے بیٹے ارہان خان نے بھی اپنے والد کی دوسری شادی کا جشن ڈانس کرکے منایا
بالی ووڈ کے دبنگ اسٹار سلمان خان کا اپنے بھائی ارباز خان کی دلہنیا شوریٰ خان کے ساتھ ڈانس سوشل میڈیا پر وائرل ہوگیا۔
ارباز خان نے 24 دسمبر کو ممبئی میں چند قریبی دوستوں اور اہلخانہ کی موجودگی میں میک اپ آرٹسٹ شوریٰ سے دوسری شادی کی، ان کے نکاح کی تقریب اُن کی بہن ارپیتا خان شرما کے گھر منعقد کی گئی تھی۔
سوشل میڈیا کے مختلف پلیٹ فارمز پر ارباز خان اور شوریٰ خان کی شادی کی ویڈیوز وائرل ہورہی ہیں، ایک ویڈیو میں سلمان خان کو اپنے فلموں کے ہٹ گانوں "دل دیا گلاں" اور "تیرے مست مست دو نین" پر ڈانس کرتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔
مزید پڑھیں: ارباز خان نے دوسری شادی کرلی، تصاویر وائرل
ویڈیو میں سلمان خان کے ساتھ اُن کی نئی بھابھی شوریٰ خان بھی کھڑی ڈانس کررہی ہیں جبکہ ارباز خان اور ملائکہ اروڑا کے بیٹے ارہان خان نے بھی اپنے والد کی دوسری شادی کا جشن ڈانس کرکے منایا۔
ارباز خان کی شادی میں سلمان خان نے سادہ قمیض شلوار پہنی جبکہ اُن کے بھائی سہیل خان نے سیاہ ٹی شرٹ کے ساتھ نیلی جینز کا انتخاب کیا۔
دوسری جانب ارباز خان نے اپنی دوسری بیوی شوریٰ خان سے محبت کا اظہار کرنے کے لیے تقریب میں اُن کے لیے گانا "تیرے مست مست دو نین" بھی گایا، اُن کی گلوکاری کو وہاں موجود مہمانوں نے خوب سراہا۔
یاد رہے کہ شوریٰ خان بالی ووڈ میک اپ آرٹسٹ ہیں، ارباز خان اور شوریٰ خان کی پہلی ملاقات نئی آنے والی فلم 'پٹنہ شکلا' کے سیٹ پر ہوئی تھی جہاں سے ان دونوں کی محبت کی کہانی کا آغاز ہوا۔
واضح رہے کہ ارباز خان کی پہلی شادی دسمبر 1998 میں ملائکہ اروڑا سے ہوئی تھی، اُن کی پہلی شادی کامیاب نہ ہوسکی اور 19 سال بعد مئی 2017 میں دونوں میں طلاق ہوگئی تھی، اس جوڑی کا 21 سالہ بیٹا بھی ہے جس کا نام ارہان خان ہے۔