دشمن مذہبی نسلی اور سیاسی کمزوریوں کو استعمال کرکے دراڑیں ڈالنے پر تلے ہیں آرمی چیف

آرمی چیف نے مسائل سے نمٹنے کے لیے بیان بازی اور پروپیگنڈہ کے بجائے درست نقطہ نظر، سچائی کی اہمیت پر زور دیا۔

(فوٹو : سرکاری میڈیا)

آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ پاکستان کے دشمن مذہبی، نسلی اور سیاسی کمزوریوں کو استعمال کرتے ہوئے دراڑیں ڈالنے پر تلے ہوئے ہیں، ہمیں ایک پُرعزم اور مضبوط قوم کے طور پر اُبھرنے کے لیے متحد اور یکجان ہونا پڑے گا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے کرائسٹ چرچ راولپنڈی میں مسیحی برادری کے ساتھ کرسمس تقریب میں شرکت کی۔

چرچ انتظامیہ نے آرمی چیف کا خیرمقدم کیا اور تہوار میں شرکت پر اُن کا شکریہ بھی ادا کیا۔ آرمی چیف نے پاکستان میں مقیم تمام مسیحی برادری کو کرسمس کی مبارکباد دی۔

آرمی چیف نے مذہبی برادری کے لیے احترام کا اظہار کیا اور متحد و ترقی پسند پاکستان کے لئے قائد کے حقیقی وژن پر عمل کرنے کے لیے معاشرے میں بین المذاہب ہم آہنگی کو فروغ دینے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔
Load Next Story