پاکستان کی اومان کی فوج کوتربیت دینے کی پیش کش

وزیراعظم سے اومان کی شاہی فوج کے کمانڈرکی ملاقات،آرمی چیف،سیکریٹری دفاع سے بھی ملے

وزیراعظم سے عمان کی شاہی فوج کے کمانڈرکی ملاقات،آرمی چیف،سیکریٹری دفاع سے بھی ملے۔ فوٹو؛فائل

وزیراعظم نوازشریف نے کہا ہے کہ پاکستان اومان کیساتھ اپنے برادرانہ تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے۔


دونوں ممالک کے درمیان فوجی وفود کے دوروں میں اضافے کی ضرورت ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو اومان کی شاہی فوج کے کمانڈر میجر جنرل مطر بن سلیم بن راشد البلوشی سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر بریگیڈیئر محمد بن صالح بن الشبلی، ڈپٹی کمانڈنٹ سرحدی گارڈز کرنل سید بن بخت مسعود تبوک، پاکستان میں اومان کے سفیر ریاض یوسف الرئیسی، وزیراعظم کے سیکرٹری جاوید اسلم اور سیکرٹری دفاع آصف یاسین ملک بھی موجود تھے۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اور اومان کے درمیان جغرافیائی ہم آہنگی دونوں ممالک کے دوطرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے میں انتہائی مددگار ثابت ہو سکتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے تربیتی ادارے اومان کی فوج کو تربیت فراہم کرنے میں اپنا کردار ادا کر سکتے ہیں۔ میجر جنرل مطر بن سلیم بن راشد البلوشی نے جی ایچ کیو میں چیف آف آرمی سٹاف جنرل راحیل شریف سے بھی ملاقات کی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات میں باہمی دلچسپی کے مختلف امور بالخصوص فوجی تعاون میں اضافے اور تربیت پر تفصیل سے بات ہوئی۔ ملاقات کے بعد اومان کے فوجی وفد کو پاک فوج کی آپریشنل اور تربیتی معاملات کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔اس سے قبل جی ایچ کیو آمد پر اومان کے فوجی سربراہ کو پاک فوج کے چاک وچوبند دستے کی جانب سے گارڈ آف آنر دیاگیا۔ جنرل مطر نے یادگار شہداء پر پھولوں کی چادر بھی چڑھائی۔اومان کے فوجی وفد نے سیکرٹری دفاع لیٖفٹیننٹ جنرل (ر) آصف یاسین ملک سے بھی ملاقات کی۔
Load Next Story