حکومت کے الیکٹرک مافیا کو لگام دے حافظ نعیم کی لڑکی سے نارواسلوک کی مذمت 

کے الیکٹرک خود سوئی سدرن گیس کمپنی، کے ایم سی کی اربوں ر وپے کی نادہندہ ہے، امیرجماعت اسلامی کراچی


Staff Reporter December 27, 2023
کے الیکٹرک خود سوئی سدرن گیس کمپنی، کے ایم سی کی اربوں ر وپے کی نادہندہ ہے، امیرجماعت اسلامی کراچی

امیرجماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی کراچی میں قومی و صوبائی انتخابات میں بھی بلدیاتی انتخابات کی طرح بھاری مینڈیٹ حاصل کرے گی۔

ادارہ نورحق میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمن نے کہاکہ جماعت اسلامی کے تحت ایکسپوسینٹر میں پاکستانی مصنوعات کی تشہیر کے لیے 21اور22جنوری کو نمائش منعقد کی جائے گی۔ کراچی کے عوام زیادہ سے زیادہ تعداد میں نمائش میں شرکت کریں،اسرائیلی مصنوعات کا بائیکاٹ کر کے پاکستانی مصنوعات کو بطور متبادل استعمال کریں۔

انہوں نے کہا کہ دفتر خارجہ کی جانب سے اقوام متحدہ میں مؤقف خوش آئند ہے لیکن حکمرانوں کی جانب سے ایسے بیانات جاری ہوتے ہیں جس سے اسرائیل کو تقویت پہنچتی ہے۔

انہوں نے کے الیکٹرک عملے کی جانب سے لڑکی کے ساتھ نارواسلوک کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ کے الیکٹرک مافیا نے کراچی کے ساڑھے تین کروڑ عوام کا جینا مشکل کردیا ہے۔بڑھتی ہوئی مہنگائی و بے روزگاری کے باعث کراچی کے عوام بجلی کے بھاری بل جمع نہیں کرواسکتے۔کے الیکٹرک ناجائز و ظالمانہ ٹیکس عائد کرکے عوام پر بجلی بم گراتا ہے اور اسے ہر حکومت اور نیپرا مکمل سپورٹ فراہم کرتی ہے۔

حافظ نعیم نے کہا کہ کے الیکٹرک کا عملہ کس قانون کے تحت بجلی کا کنکشن کاٹ دیتا ہے۔قانون کے مطابق پہلے نوٹس دیا جائے اور اس کے مطابق کنکشن کاٹا جائے گا۔اگر کے الیکٹرک نے اپنا قبلہ درست نہ کیا اور اپنے صارفین کے ساتھ بدسلوکی ختم نہ کی تو32لاکھ صارفین کچھ بھی رد عمل دے سکتے ہیں۔حکومت کے الیکٹرک مافیا کو لگام دے ورنہ عوامی مزاحمت کا سامنا کرنا پڑے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ کے الیکٹرک خود سوئی سدرن گیس کمپنی، کے ایم سی اور کراچی کے عوام کی اربوں ر وپے کی نادہندہ ہے لیکن اگر عوام ایک ماہ کا بجلی کا بل جمع نہ کروائیں تو ان کے بجلی کا کنکشن کاٹ دیا جاتا ہے۔

انہوں نے کہاکہ شہر میں رواں سال 140سے زائد شہریوں کو اسٹریٹ کرائمز کے موقع پرشہید کیا گیا۔کراچی کے شہری پولیس کی رشوت خوری اور ڈاکوؤں کی پشت پناہی کرنے کے خوف سے تھانے میں ایف آئی آر ہی درج نہیں کرواتے۔

انہوں نے کہاکہ کراچی کے عوام کے پاس جماعت اسلامی کے سوا کوئی آپشن نہیں ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔