بیس روز قبل پیزا ڈلیوری پر لگنے والے تعلیم یافتہ لڑکے کو کار سوار نے کچل ڈالا

عامر سہیل ریسٹورنٹ سے پیزا دینے کے لیے نکلا تو ڈیفنس کے قریب ایک امیر زادے نے اُسے کچل ڈالا


احتشام خان December 28, 2023
فوٹو ایکسپریس

خیبرپختونخوا کے دارالحکومت میں بیس روز قبل فوڈ ڈلیوری کی ملازمت اختیار کرنے والے نوجوان کو امیر زادے نے گاڑی تلے روند کر مار ڈالا۔

تفصیلات کے مطابق پشاور میں معروف پیزا برینڈ میں بیس روز قبل بھرتی ہونیوالا نوجوان ڈلیوری کے لیے پشاور میں قائم ڈیفنس کے قریب پہنچا تو ایک تیز رفتار گاڑی نے اُسے ٹکر ماری اور پھر ڈرائیور ڈلیوری بوائے کو کچل کر فرار ہوگیا۔

نتیجے میں فوڈ ڈلیوی بوائے زیادہ زخم آنے اور خون بہنے کی وجہ سے جاں بحق ہوگیا۔

تھانہ شرقی میں درج رپورٹ کے مطابق تیس سالہ عامر سہیل ولد نور اکبر سکنہ دیہہ بالا جو کہ حسب معمول پیزا ڈیلیوری کرنے کے لئے ریسٹورنٹ سے نکلا اور جیسے ہی ڈیفینس کے قریب پہنچا تو اس دوران تیز رفتار گاڑی سے اُسے زور دار ٹکر ماری اور پھر اُسے روند دیا۔

اس کے نتیجے میں عامر شدید زخمی ہوا جسے طبی امداد دینے کے لئے لیڈی ریڈنگ ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔

عامر سہیل کے دوستوں کے مطابق وہ تعلیم یافتہ نوجوان تھا محنت و لگن سے کام کرتاتھا اچانک اس کی موت پر اہل خانہ شدید صدمے میں ہیں۔ پولیس حکام کے مطابق گاڑی کی تلاش جاری ہے جلد غلفت برتنے والے ڈرائیور کو گرفتار کر لیا جائیگا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔