میلبرن ٹیسٹ جوئیل ولسن کی امپائرنگ صلاحیتوں کو زنگ لگ گیا

لگاتار 2 بالز پر انگلی اٹھاکر تنقید کا نشانہ بن گئے، دونوں مرتبہ فیصلہ تبدیل ہوا


Sports Desk December 28, 2023
لگاتار 2 بالز پر انگلی اٹھاکر تنقید کا نشانہ بن گئے، دونوں مرتبہ فیصلہ تبدیل ہوا (فوٹو: فائل)

آئی سی سی ایلیٹ امپائرز کے پینل میں شامل جوئیل ولسن کی امپائرنگ صلاحیتوں کو زنگ لگ گیا۔

میلبرن میں جاری دوسرے ٹیسٹ میں بدھ کو آسٹریلوی بیٹر مچل مارش کو آغاز پر ہی 2 شدید حیرت کے جھٹکے لگے جب انھیں لگاتار 2 بالز پر امپائر جوئیل ولسن نے آؤٹ قرار دیا، دونوں بار وہ ڈی آر ایس کی مہربانی سے وکٹ بچانے میں کامیاب رہے۔

ٹریوس ہیڈ کے آؤٹ ہونے پر مارش نے کریز سنبھالی اور فوراً ہی انھیں مشکل کا سامنا کرنا پڑا، حسن علی کی ایل بی ڈبلیو کی زوردار اپیل پر ولسن نے انگلی اٹھادی، جس پر مارش نے ساتھی بیٹر مارنس لبوشین سے مشاورت کے بعد ریویو کا اشارہ کیا، وہ خود کچھ زیادہ پْراعتماد دکھائی نہیں دے رہے تھے تاہم ریویو کے دوران گیند کے بیٹ کو چھونے کی تصدیق ہوگئی۔

مزید پڑھیں: میلبرن ٹیسٹ؛ پاکستانی بالرز نے ناپسندیدہ ریکارڈ بنالیا، مگر کونسا؟

وہ خود بھی تھوڑے سے حیران ہوئے، ولسن کا فیصلہ تبدیل کردیا گیا، اس موقع پر کمنٹیٹر ہرشا بھوگلے کا کہنا تھا کہ سوال یہ ہے کہ کیا مارش خود جانتے تھے کہ گیند پہلے شے بیٹ سے لگی ہے، اگر وہ یہ جانتے ہوتے تو خود فوری طور پر ریویو لے لیتے۔ اگلی گیند پر ولسن نے مارش کو کاٹ بی ہائنڈ قرار دے دیا مگر اس بار بیٹر زیادہ پْراعتماد تھے۔

مزید پڑھیں: دورہ آسٹریلیا؛ ٹیم مینجمنٹ نے سختی شروع کردی، کھلاڑیوں پر جرمانہ ہوگا

انھوں نے فوراً ریویو لیا، جس پر گیند کے بیٹ کے بجائے پیڈز سے ٹکرا کر پیچھے جانے کی تصدیق ہوئی ، اس طرح وہ دوسری بار بھی وکٹ بچانے میں کامیاب رہے۔ کمنٹری میں مصروف وسیم اکرم نے جوئیل ولسن کی امپائرنگ پر شدید حیرت ظاہر کی۔

مزید پڑھیں: بابراعظم کی ٹیسٹ کرکٹ میں ناکامیوں کا سلسلہ دراز ہونے لگا

یاد رہے کہ گذشتہ کچھ عرصے کے دوران ولسن کی امپائرنگ کافی ناقص رہی ہے، 2022 کے آغاز سے اب تک ان کے 37 فیصد فیصلے ڈی آر ایس پر تبدیل ہوئے، یہ کسی بھی امپائر کے تبدیل ہونے والے فیصلوں کی سب سے بڑی تعداد ہے۔

اس سے قبل ولسن نے ایجبسٹن میں پہلے ٹیسٹ کے دوران 8 غلط فیصلے دیے ، ہیڈنگلے میں کرس گفینی کے 7 فیصلے تبدیل ہوئے تھے، اس لیے دونوں کو چوتھے اور پانچویں ایشز ٹیسٹ سے ڈراپ کردیا گیا تھا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں