ایمان مزاری رشتہ ازدواج میں منسلک ہوگئیں
انسانی حقوق کی سرگرم کارکن نے ساتھی وکیل عبدالہادی کیساتھ شادی کی ہے
معروف وکیل اور انسانی حقوق کی کارکن ایمان مزاری رشتہ ازدواج میں منسلک ہوگئیں۔
ایمان مزاری نے اپنے دوست عبدالہادی سے شادی کی خبر سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر دی۔ انہوں نے اپنے دلہے کے ساتھ تصویر پوسٹ کرتے ہوئے انگوٹھی، دل اور نظر کا ایموجی استعمال کیا۔
ایمان مزاری کی شادی اپنے ہی پیشے سے تعلق رکھنے اور انسانی حقوق کے مقدمات لڑنے والے وکیل عبد الہادی سے ہوئی ہے۔ عبدالہادی نے بھی اپنے ایکس اکاؤنٹ پر پوسٹ شیئر کرکے اپنی شادی کا اعلان کیا۔
واضح رہے کہ ایمان مزاری انسانی حقوق کی سابق وفاقی وزیر شیریں مزاری کی صاحبزادی ہیں۔ صارفین کی جانب سے جوڑے کو مبارکباد دی جارہی ہے اور نیک خواہشات کا اظہار کیا جارہا ہے۔