سنچورین ٹیسٹ بھارتی ’’بیٹنگ پاور ہاؤس‘‘ کا پول کھل گیا

131 پر ڈھیر، جنوبی افریقہ نے تیسرے ہی دن اننگز اور 32رنز سے فتح پالی


Sports Reporter December 29, 2023
131 پر ڈھیر، جنوبی افریقہ نے تیسرے ہی دن اننگز اور 32رنز سے فتح پالی۔ فوٹو: اے ایف پی/گیٹی

سنچورین ٹیسٹ میں پروٹیز نے بھارتی ''بیٹنگ پاور ہاؤس'' کا پول کھول دیا۔

سنچورین میں 163رنز کے خسارے کا شکار ہونے کے بعد مضبوط ترین بھارتی ٹیم دوسری اننگز میں ریت کی دیوار ثابت ہوئی، کپتان روہت شرما نے کھاتہ نہیں کھولا تو یشاسوی جیسوال 5تک محدود رہے،شبمن گل 26رنز کی مزاحمت کرپائے۔

ایک اینڈ ویراٹ کوہلی نے سنبھالا، دوسرے سے شریاس آئر 6اور پہلی اننگز کے سنچری میکر لوکیش راہول4رنز بناکر چلتے بنے، دیگر کھلاڑیوں میں سے روی چندرن ایشون اور جسپریت بمرا نے کھاتہ نہیں کھولا، شردل ٹھاکر 2اور محمد سراج 4رنز بناسکے،آخر میں ویراٹ کوہلی( 76) کی ہمت بھی جواب دے گئی، بھارتی ٹیم 131پر ڈھیر ہوئی۔

یہ بھی پڑھیں: بھارتی ٹیم میں اب کوئی کھلاڑی ''نمبر 7'' جرسی نہیں پہن سکے گا، مگر کیوں؟

نیندرے برگر4، مارکو جینسن 3 اور کاگیسو رباڈا2وکٹیں لے اڑے، ڈین ایلگر آخری ٹیسٹ کے مین آف دی میچ قرار پائے۔ یاد رہے کہ بھارت نے پہلی اننگز میں 245رنز بنائے تھے، بدھ کو جنوبی افریقہ نے 5وکٹ پر 256رنز اسکور کر کے 11رنز کی برتری حاصل کرلی تھی۔

گزشتہ روز ڈین ایلگر 140اور مارکو جینسن 3رنز کے ساتھ دوبارہ کریز پر آئے، دونوں نے ٹوٹل 360تک پہنچایا، ایلگر 185 رنز بناکر پویلین لوٹے، مارکو جینسن84 پر ناٹ آؤٹ رہے، ٹیل اینڈرز میں سے گیراڈ کوئٹزی نے 19رنز بنائے، جنوبی افریقہ نے 408 کا مجموعہ حاصل کیا،جسپریت بمرا نے 4اورمحمد سراج نے 2شکار کیے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں