مراد سعید سمیت سابق ایم این اے اور ایم پی ایز کے کاغذات نامزدگی مسترد
مراد سعید نے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 4 سے کاغذات نامزدگی جمع کرائے تھے جنہیں آج آر او نے مسترد کردیا
تحریک انصاف کے رہنما مراد سعید سمیت کئی سابق ایم این اے اور ایم پی اے کے کاغذات نامزدگی مسترد ہوگئے۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق پی ٹی آئی کے رہنما مراد سعید نے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 4 سے کاغذات نامزدگی جمع کرائے تھے جنہیں آج آر او نے مسترد کردیا ہے۔ پی ٹی آئی کے اہم رہنما سہیل سلطان ایڈووکیٹ نے کاغذات مسترد ہونے کی تصدیق کردی ہے، وجوہات جلد سامنے آجائیں گی۔
مراد سعید این اے 4 سے 2018ء کے الیکشن میں ممبر قومی اسمبلی منتخب ہوئے اور وزارت مواصلات کے وزیر مقرر ہوئے تھے۔
اسی طرح تحریک انصاف کے سابق ایم پی اے میاں شرافت علی کے کاغذات نامزدگی مسترد ہوگئے،مختلف مقدمات کی وجہ سے میاں شرافت علی کے کاغذات مسترد ہوئے،انہوں ںے پی کے تھری کے لیے کاغذات جمع کرائے تھے، وہ اس حلقہ پر 2018ء کے انتخابات میں کامیاب ہوئے تھے۔
تحریک انصاف کے سابق ایم این اے سلیم الرحمان کے کاغذات نامزدگی مسترد ہوگئے، مختلف مقدمات کی وجہ سے کاغذات کو مسترد کیا گیا، انہوں ںے این اے تھری کے لیے کاغذات جمع کرائے تھے۔ سلیم الرحمان حلقہ این اے ٹو پر 2018ء کے انتخابات میں کامیاب ہوئے تھے۔
پی ٹی آئی کے سابق صوبائی وزیر ڈاکٹر امجد کے بھی کاغذات نامزدگی مسترد ہوگئے، ڈاکٹر امجد نے پی کے آٹھ کے لیے کاغذات جمع کرائے تھے، ڈاکٹر امجد اس حلقے سے 2018ء کے انتخابات میں کامیاب ہوئے تھے۔