زرداری سے ملاقات کے بعد انیس ایڈووکیٹ اور رضاہارون پیپلز پارٹی میں شامل

کراچی والوں کے ساتھ مل کر شہر کی روشنیاں بحال کررہے ہیں جو امن دشمنوں اور نفرت کے سوداگروں نے چھین لی تھیں


ویب ڈیسک December 29, 2023
سابق صدر آصف علی زرداری نے انیس ایڈووکیٹ اور رضا ہارون کو ساتھیوں سمیت پارٹی میں شامل ہونے پر خوش آمدید کہا

شریک چیئرمین پی پی آصف زرداری سے ملاقات کے بعد ایم کیو ایم کے سابق رہنما انیس ایڈووکیٹ اور رضا ہارون اپنے ساتھیوں سمیت پیپلز پارٹی میں شامل ہو گئے۔

سابق صدر آصف علی زرداری نے دونوں کو پارٹی میں شامل ہونے پر خوش آمدید کہا۔ اس موقع پر شہر قائد کی ترقی، خوشحالی، قیام امن اور مفاہمتی ماحول کے فروغ کے حوالے سے چارٹر آف کراچی پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات کے دوران صدر آصف زرداری کا کہنا تھا کہ پاکستان پیپلزپارٹی کا چارٹر آف کراچی شہر قائد کے مستقبل پر دُوررس اثرات مرتب کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی کراچی والوں کی جماعت ہے، ہم کراچی والوں کے ساتھ مل کر شہر کی ان روشنیوں کو بحال کرنے کی جدوجہد کررہے ہیں جنہیں امن کے دشمنوں اور نفرت کے سوداگروں نے چھین لیا تھا۔

انہوں نے مزید کہا کہ شہرِقائد کے باسیوں کے ووٹوں سے پاکستان پیپلزپارٹی کو وفاق میں اقتدار ملنا اس بات کے مترادف ہوگا کہ کراچی والوں کی منتخب جماعت پہلی بار وفاق پر حکومت کرے گی۔ آصف زرداری نے کراچی کے مستقبل کو دبئی سے تشبیہ دیتے ہوئے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ پوری دنیا سے کراچی میں سرمایہ کاری آئے اور کراچی دبئی کی طرز پر ایک ایسا معاشی حب بنے جس سے نہ صرف پاکستان کو بلکہ اہم جغرافیائی حیثیت کی وجہ سے دنیا بھر کے سرمایہ کاروں کو بھی اس شہر سے فائدہ ہو۔

اس موقع پر آصف علی زرداری نے چیئرمین پی پی پی بلاول بھٹو زرداری کے 10 نکاتی ایجنڈے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ہم اقتدار میں آکر کراچی سمیت ملک کے ہر شہر اور قصبے کے لیے ایسے فلاحی منصوبے لائیں گے جن سے بدترین مہنگائی کے اس دور میں عام آدمی کو ریلیف ملے گا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں