سائفر ان کیمرہ سماعت کرنے والے جسٹس میاں گل حسن چھٹیوں پر چلے گئے

جسٹس بابر ستار اور جسٹس سردار اعجاز اسحاق خان کی بھی موسم سرما کی تعطیلات شروع ہوگئیں


کورٹ رپورٹر December 29, 2023
فوٹو فائل

پاکستان تحریک انصاف کے بانی چیئرمین کی جانب سے دائر سائفر ان کیمرہ سماعت کے حوالے سے دائر درخواست کی سماعت کرنے والے اسلام آباد ہائیکورٹ کے جج جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب موسم سرما کی تعطیلات پر چلے گئے۔

اسلام آباد ہائیکورٹ کے رجسٹرار کی جانب سے جاری روسٹر میں بتایا گیا ہے کہ جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب کے علاوہ جسٹس بابر ستار اور جسٹس سردار اعجاز اسحاق خان کی بھی موسم سرما کی تعطیلات شروع ہوگئیں ہیں۔ معزز ججز یکم جنوری سے پانچ جنوری تک تعطیلات پر ہوں گے۔

روسٹر کے مطابق چیف جسٹس عامر فاروق ،جسٹس محسن اختر کیانی سمیت پانچ ججز کی تعطیلات ختم ہوگئیں جس کے بعد پیر سے مذکورہ ججز اسلام آباد ہائیکورٹ کے پانچ ججز کیسز کی سماعت کے لئے دستیاب ہوں گے۔

مزید پڑھیں: سائفر کیس میں 9 گواہان کے بیانات خلاف قانون ہیں، اسلام آباد ہائیکورٹ کا تحریری فیصلہ

اسلام آباد ہائی کورٹ کے رجسٹرار کی جانب سے آئندہ ہفتے کا ججز ڈیوٹی روسٹر جاری کردیا گیا، جس کے مطابق آئندہ ہفتے پانچ سنگل اور دو ڈویژن بینچز کیسوں کی سماعت کیلیے دستیاب ہوں گے۔

واضح رہے کہ ایک روز قبل اسلام آباد ہائیکورٹ نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کی سائفر ٹرائل پر حکم امتناع کی درخواست منظور کرتے ہوئے ٹرائل روکنے کا حکم دیا تھا۔

سائفر کیس میں ٹرائل کورٹ کے 12 دسمبر کے حکم نامے کے خلاف بانی چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی درخواست پر جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے سماعت کی۔ دوران سماعت عدالت نے درخواست پر نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کرلیا۔

 

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں