آسٹریلیا سے شکست پر ٹیم کی کارکردگی کا پوسٹمارٹم کیا جائے جاوید میانداد

مسلسل غلطیاں کرنے والوں کی پاکستان ٹیم میں جگہ نہیں بنتی، سابق ٹیسٹ کپتان


Sports Reporter December 30, 2023
فوٹو: فائل

سابق ٹیسٹ کپتان جاوید میانداد نے آسٹریلیا کے خلاف سیریز میں شکست پر کہا ہے کہ ہار جیت کھیل کا حصہ ہوتی ہے لیکن پوسٹ مارٹم کرکے شکست کی وجوہات تلاش کی جائیں۔

کے پی ٹی فٹبال اسٹیڈیم میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے جاوید میانداد پی سی بی کے ذمہ داران، ٹیم مینجمنٹ اور سلیکٹر سے جواب طلب کیا جائے. تیسرے اور آخری ٹیسٹ میچ کے لیے ہر کھلاڑی اپنی ذاتی بقا کی جنگ لڑنے کی کوشش کرے گا۔ مسلسل غلطیاں کرنے والوں کی پاکستان ٹیم میں جگہ نہیں بنتی۔ صرف بابر اعظم یا کسی دوسرے کھلاڑی پر انحصار کرنا درست نہیں۔

جاوید میاں داد نے کہا کہ آسٹریلیا کے خلاف پہلے دونوں ٹیسٹ میچز میں شکست کے بعد ہارنے کی وجوہات سامنے لائی جائیں، کھلاڑیوں کی کارکردگی کا جائزہ لیا جائے، کھلاڑیوں پر بھی بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے ان کو اپنی ذمہ داریاں احسن طریقے سے سر انجام دینی ہوں گی۔ اگر پاکستان کیلئے کھیل رہے ہیں تو ان کو اپنی ذمہ داری کا احساس بھی کرنا چاہیے۔

جاوید میانداد نے کہا کہ ہار جیت کھیل کا حصہ ہوتی ہے لیکن اصل بات یہ ہے کہ ہار سے سیکھنا چاہیے۔ مجھے یہ کہنے میں کوئی عار نہیں کہ پاکستان کرکٹ ٹیم اچھی ہے۔ ہار سے گھبرائیں گے تو جیت نہیں سکتے۔ مسلسل غلطیاں کرنے والوں کی پاکستان ٹیم میں جگہ نہیں بنتی۔

انہوں نے کہا کہ کپتان کا تجربے کار ہونا اور اس کی ذاتی کارکردگی بہتر ہونا ضروری ہے ورنہ وہ دباؤ کا شکار ہوجاتا ہے، کرکٹ میں اب بہت زیادہ پیسہ آگیا ہے اس لیے اس کھیل کو تجارتی بنیادوں پر ہی چلایا جانا چاہئے۔ آسٹریلیا کے خلاف سیریز کے پہلے دو میچز ہارنے کے بعد ہمارے کھلاڑی نفسیاتی دباؤ کا شکار ہیں یہ زیادہ تجربے کار بھی نہیں۔

بابر اعظم کے حوالے سے سوال کے جواب میں جاوید میاں داد نے کہا کہ اس وقت سب کی نظریں بابر اعظم پر ہیں لیکن ٹیم ایک کھلاڑی سے نہیں بنتی، ہر کھلاڑی کو اپنی ذمہ داری ادا کرنی ہوتی ہے، صرف بابر اعظم یا کسی اور کھلاڑی پر انحصار کرنا درست نہیں یہ نہیں ہو سکتا کہ صرف مخصوص کھلاڑیوں پر ہی انحصار کیا جائے۔

انہوں نے کہا پی سی بی پر بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ اپنا کردار ادا کرے، جاوید میاں داد نے الزام عائد کیا کہ بورڈ میں ایسے لوگ بیٹھے ہوئے ہیں جن کو کرکٹ کا ہی علم نہیں، صرف اپنے مفادات کا خیال کرنے والوں پر لعنت ہے اگر وہ ذمہ داری ادا نہیں کر سکتے تو کسی اور کو موقع فراہم کریں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں