کاغذات نامزدگی مسترد کرنے کے فیصلے کو چلینج کریں گے پی ٹی آئی

اسی لیے ہم کہہ رہے تھے کہ ریٹرننگ افسران جوڈیشری سے ہونے چاہئیں، نعیم حیدر پنجوتھا


ویب ڈیسک December 30, 2023
فوٹو فائل

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے وکیل اور عام انتخابات 2024 کے امیدوار نعیم حیدر پنجوتھا نے کہا ہے کہ کاغذات نامزدگی مسترد ہونے کے عمل کو چلینج کریں گے۔

ایکسپریس نیوز کے پروگرام سینٹر اسٹیج میں گفتگو کرتے ہوئے نعیم حیدر پنجوتھا نے الزام عائد کیا کہ تحریک انصاف کے امیدواروں سے ریٹرننگ افسران نے جان بوجھ کو وہ کاغذات اور این او سی منگوائے جن کی ضرورت نہیں تھی۔

انہوں نے کہا کہ اسکروٹنی کے بعد کاغذات نامزدگیوں کو جن بنیادوں پر مسترد کیا گیا ہے وہ مضحکہ خیز ہیں، ہم اس عمل کو چلینج کریں گے اور الیکشن ٹریبونل میں جائیں گے۔

مزید پڑھیں: عمران خان، شاہ محمود، شیخ رشید سمیت پی ٹی آئی کے درجنوں امیدواروں کے کاغذات نامزدگی مسترد

نعیم حیدر پنجوتھا نے کہا کہ ہر حلقے میں کورنگ امیدوار موجود ہیں مگر یہ چاہتے ہیں کہ انتخابات میں ہمارے یا پھر ان سے زیادہ مضبوط امیدوار نہ ہوں۔ اُن کا کہنا تھا کہ میں انہیں کہتا ہوں کہ کاغذات نامزدگی چھین یا مسترد کرنے سے بہتر ہے کہ عوام کے ووٹ لے کر اقتدار میں آئیں۔

پی ٹی آئی وکیل نے کہا کہ صرف بلز ادا نہ ہونے کی صورت میں کاغذات نامزدگی مسترد نہیں کیے جا سکتے کیونکہ سپریم کورٹ اس حوالے سے فیصلہ دے چکی ہے، ہم نے کاغذات نامزدگی میں تمام چیزیں پوری کیں۔

وکیل پی ٹی آئی نعیم پنجوتھا کا کہنا تھا کہ 'مجھے کہا گیا کہ آپ نے جو گاڑیاں بیچ دی ہیں ان کا ذکر نہیں کیا،اس بنیاد پر میرے کاغذات مسترد کر دیے گئے جبکہ ن لیگ کے امیدواروں سے کچھ نہیں پوچھا گیا اور کاغذات منظور کر لیے گیے'۔

اسے بھی پڑھیں: پی ٹی آئی امیدواروں کے کاغذات نامزدگی بلاوجہ مسترد نہیں ہوئے، سابق سیکریٹری الیکشن کمیشن

نعیم حیدر پنجوتھا نے کہا کہ 'ہماری شکایات پر آر اوز نے کہا کہ ہم کیا کر سکتے ہیں، اسی لیے ہم کہہ رہے تھے کہ آر اوز جوڈیشری سے ہونے چاہئیں'۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔