مچھ میں پولیس تھانے کے قریب دھماکا دو بچے جاں بحق
پولیس نے موقع سے شواہد اکھٹے کرلیے، دوسرا بچہ دوران علاج جانبر نہ ہوسکا
بلوچستان کے علاقے مچھ میں پولیس تھانے کے قریب ہونے والے دھماکے میں دو بچے جاں بحق ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق بولان کی تحصیل مچھ میں پولیس تھانے کے قریب زور دار دھماکے میں ایک بچہ موقع پر جاں بحق جبکہ دوسرا زخمی ہوا، جو اسپتال میں علاج کے دوران دم توڑ دیا۔
دھماکے کی آواز اتنی شدید تھی کہ علاقے میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا تھا۔
واقعے کے بعد ریسکیو ٹیموں نے جائے وقوعہ پہنچ کر لاش اور زخمی کو اسپتال منتقل کیا جبکہ پولیس نے بھی شواہد اکھٹے کیے۔
دھماکے کی ذمہ داری تاحال کسی گروپ نے قبول نہیں کی تاہم سرکاری ذرائع نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ اس واقعے میں علیحدگی پسند تنظیم ملوث ہوسکتی ہے۔