پاکستان میں غیر ملکی سیاحت میں 115 فیصد اضافہ

سیاحوں کی آمد سے ملک کو 1.3 بلین ڈالر کا زرمبادلہ حاصل ہوا، وزیر سیاحت

فوٹو: فائل

سال 2023 میں پاکستان میں غیر ملکی سیاحت میں 115 فیصد اضافہ ہوا جس سے ملک کو 1.3 بلین ڈالر کا زرمبادلہ حاصل ہوا۔

ایکسپریس سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے وزیر مملکت برائے سیاحت اور وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے اُمور نوجوانان وصی شاہ نے بتایا کہ ملک میں گزشتہ سال کے مقابلے میں سیاحوں کی آمد میں 115 فیصد اضافہ ہوا ہے جس سے ملک کو 1.3 بلین ڈالر کا زرمبادلہ حاصل ہوا۔

وزیر مملکت نے امید ظاہر کی کہ سال 2024 میں سیاحت کے شعبے میں مزہید بہتری لائیں گے۔ سندھ اور بلوچستان کے مزید غیر دریافت شدہ سیاحتی مقامات کی نشاندہی کریں گے جن میں ایڈونچر، مذہبی، فطرت، ویک اینڈ، دیہی اور قبائلی سیاحت شامل ہوگی۔

وصی شاہ نے مزید کہا کہ ہمارا ملک ساحلوں، چٹانوں، جنگلوں، پہاڑیوں، وادیوں، دریاؤں اور قدرتی مناظر کی خوبصورتی سے مالا مال ہے۔ یہ جگہیں زیادہ تر غیر محفوظ اور غیر دریافت ہیں جہاں نئی منتخب حکومت کو توجہ مرکوز کرنے کی ضرورت ہے۔


انہوں نے کہا ہم ڈبلیو ٹی ایم جیسے عالمی مارکیٹ کے شوز میں پاکستان کے سیاحت کے مواقع کی نمائش کر رہے ہیں جس سے زیادہ سے زیادہ سیاحوں کو پاکستان کی طرف راغب کرنے میں مدد ملے گی۔

انہوں نے ورلڈ ٹورازم مارٹ میں شرکت کے ذریعے پاکستان پویلین میں سیاحت کے شوقین افراد، بین الاقوامی ٹریول کمپنیوں کے نمائندوں اور سوشل میڈیا پر اثر انداز ہونے والوں کی بڑی تعداد کا ذکر کیا۔

لندن میں ورلڈ ٹریول مارٹ دنیا کے سب سے بڑے ٹریول شوز میں سے ایک تھا، جس نے دنیا بھر میں 5,000 سے زیادہ مشہور مقامات اور برانڈز کے ساتھ عالمی سفری خریداروں کو جوڑا۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ یہ قوم کے لیے تحفہ ہے کہ پاکستان کو دنیا کا بہترین سیاحتی مقام قرار دیا گیا۔ حکومت طریقہ کار کو آسان بنا رہی ہے اور نجی شعبے کی حوصلہ افزائی اور شمولیت کو یقینی بنا رہی ہے۔
Load Next Story