سالہا سال سے مسلط پارٹیوں نےعوام کوغربت اورمہنگائی کے سوا کچھ نہیں دیا سراج الحق

جماعت اسلامی آئے گی تو سودی معیشت کا خاتمہ کر کے زکوۃ اور عشر کی بنیادوں پر قومی معیشت میں بہتری لائے گی،جلسے سے خطاب


Staff Reporter January 01, 2024
فوٹو: فائل

امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ سال بدل جاتے ہیں لیکن فرسودہ نظام قائم ہے، قوم کے پاس بہترین موقع ہے کہ نئے سال میں ہونے والے جمہوری عمل میں بھرپور حصہ لے کر جماعت اسلامی کے امیدواران کو کامیاب کرائے اور اسلامی فلاحی ریاست کی بنیاد رکھے۔

لوئر دیر کی تحصیل میدان میں اپنے انتخابی حلقہ 6 میں شمولیتی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ الیکشن سے متعلق غیر یقینی پھیلانے والے اور ان کے التوا کی باتیں کرنے والے سپریم کورٹ کے واضح احکامات اور جمہوریت کی نفی کررہے ہیں۔

انہوں نے دعا کی کہ نیا سال ملک میں اسلامی جمہوری انقلاب کا سال ثابت ہو اور پاکستانیوں سمیت پوری امت کو کامیابی اور کامرانی ملے۔ انہوں نے فلسطینیوں کی فتح، کشمیریوں سمیت مظلوم مسلمانوں کے آزادی کے لیے بھی دعا کی۔

امیر جماعت نے اپیل کی کہ عوام 8 فروری کو ترازو پر اعتماد کرکے اسلامی خوشحال پاکستان کی بنیاد رکھے۔ انہوں نے کہا کہ انتخابات میں قوم کے پاس موقع ہے کہ آزمودہ پارٹیوں سے جان چھڑائے۔

سراج الحق نے کہا کہ ملک پر سالہا سال سے مسلط حکمران پارٹیوں نے عوام کو سوائے غربت، مہنگائی اور بے روزگاری کے اور کچھ نہیں دیا، یہ مزید مواقع کی تلاش میں ہیں اور باریوں پر یقین رکھتے ہیں، عوام اب سانپوں کو دودھ پلائیں گے تو یہ اژدہے بن کر انہی کو کھا جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی واحد جماعت ہے کہ جس کے دامن پر کرپشن کا داغ نہیں، ہم ملک میں قانون اور انصاف کی بالادستی اور عوام کے حقوق کے لیے جدوجہد کرر ہے ہیں، قوم بہتری کے لیے ہمارا ساتھ دے۔

سراج الحق نے کہا کہ جماعت اسلامی آئے گی تو سودی معیشت کا خاتمہ کر کے زکوۃ اور عشر کی بنیادوں پر قومی معیشت میں بہتری لائے گی۔

انہوں نے کہا کہ ہم عدالتوں میں قرآن کا نظام لائیں گے،نوجوانوں کو روز گار ملے گا، وسائل کی منصفانہ تقسیم یقینی بنائیں گے، قومی وسائل کو عوام پر خرچ کیا جائے گا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں