کاغذات مسترد کرنے کیخلاف الیکشن ٹربیونلز میں اپیلوں پر سماعت آر او کی طلبی

چھوٹی چھوٹی باتوں پر کاغذات کیوں مسترد کئے؟سیاسی اکھاڑہ نہ بنائیں اس ملک کو ایسے ہی برباد کیا گیا ہے، الیکشن ٹربیونل


ویب ڈیسک January 02, 2024
چھوٹی چھوٹی باتوں پر کاغذات کیوں مسترد کئے؟سیاسی اکھاڑہ نہ بنائیں اس ملک کو ایسے ہی برباد کیا گیا ہے، الیکشن ٹربیونل

ملک بھر میں تحریک انصاف سمیت مختلف سیاسی جماعتوں کے امیدواروں کی جانب سے کاغذات نامزدگی مسترد کرنے کے خلاف اپیلیں دائر کرنے کا سلسلہ آج بھی جاری ہے۔

سابق وزیر داخلہ شیخ رشید احمد، ان کے بھتیجے شیخ رشید شفیق، سابق وزیر قانون بشارت راجہ ، اسلام آباد کے حلقہ این 47 سے جماعت اسلامی کے امیدوار کاشف چوہدری نے کاغذات نامزدگی مسترد کرنے کا فیصلہ چیلنج کر دیا۔

دریں اثنا صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کے بیٹے اواب علوی نے بھی حلقہ این اے 241 سے کاغذات نامزدگی مسترد کیے جانے کا اقدام چیلنج کیا ہے۔ حلقہ پی ایس 76 کے پی ٹی آئی کے امیدوار وحید رند اور پی ایس 75 ٹھٹھہ کے امیدوار سید امجد شاہ نے الیکشن ٹریبونل میں درخواست دائر کردی۔ یوٹیلیٹی بلز کا جواز بنا کر ان کے کاغذات نامزدگی مسترد کیے گئے ہیں۔

کل اپیلیں دائر کرنے کا آخری دن ہے۔ ریٹرننگ افسران کی طرف سے کاغذات مسترد کرنے کے تحریری فیصلوں میں مسلسل تاخیر سے امیدوار پریشان ہیں۔

الیکشن ٹربیونلز میں کاغذات نامزدگی مسترد کیے جانے کیخلاف آج امیدواروں کی اپیلوں پر سماعتیں ہوئیں۔

راولپنڈی میں الیکشن ٹربیونل نے این اے 89 میانوالی سے عمیر نیازی کی اپیل پر سماعت کی۔ ٹربیونل نے ریٹرننگ آفیسر کو کل مکمل ریکارڈ کیساتھ طلب کرلیا۔

جسٹس چوہدری عبدالعزیز نے استفسار کیا کہ چھوٹی چھوٹی سی باتوں پر کاغذات کیوں مسترد کئے؟، ڈی پی او اٹک ریٹرننگ آفیسر کی عدالت پیشی یقینی بنائیں، یہاں سیاسی اکھاڑہ نہ بنائیں اس ملک کو ایسے ہی برباد کیا گیا ہے۔

اسلام آباد ہائیکورٹ کے الیکشن ٹربیونل میں پراپرٹی کا 65 ہزار روپے ٹیکس جمع نہیں کرانے کی وجہ سے کاغذات نامزدگی مسترد ہونے کے خلاف پی ٹی آئی وکیل شعیب شاہین کی اپیلوں پر سماعت ہوئی۔ جسٹس ارباب محمد طاہر نے الیکشن کمیشن کو کل کے لیے نوٹس جاری کرکے جواب طلب کرلیا۔

محکمہ ایکسائز کے واجبات کی عدم ادائیگی پر این اے 55 سے پیپلز پارٹی امیدوار بابرجدون کی اپیل پر سماعت ہوئی۔ ٹربیونل نے اپیل سماعت کیلئے منظور کرکے الیکشن کمیشن، آر او اور محکمہ ایکسائز کو نوٹس جاری کردیا۔

لاہور میں بھی آر اوز کے فیصلوں کے خلاف اپیلیٹ ٹریبونل میں 20 سے زائد اپیلیں دائر ہوئیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے

شیطان کے ایجنٹ

Nov 24, 2024 01:21 AM |

انسانی چہرہ

Nov 24, 2024 01:12 AM |