چھوٹے تاجروں کو دوبارہ دھمکی آمیز فون موصول ہونے لگے کراچی تاجر اتحاد

محکمہ پولیس کو سیاسی اثرات سے نجات اور بدعنوانی سے پاک کیا جائے، بے قصور تاجروں کو گھروں سے اٹھایا جا رہا ہے

بیشتر تھانے جرائم کا گڑھ بن گئے ہیں،بھتہ اور اغوا کیخلاف عبرت ناک قوانین نافذ کیے جائیں، عتیق میر و دیگر کا مطالبہ فوٹو: فائل

کراچی کے تجارتی علاقوں میں بدامنی دوبارہ 8ماہ قبل کی حالت پر آگئی ہے۔

تجارتی مراکزاور شاپنگ سینٹروں کے چھوٹے تاجروں کو دھمکی آمیزفون آنے کے واقعات میں دوبارہ تیزی آگئی ہے، آل کراچی تاجر اتحاد کے چیئرمین عتیق میر نے ایسوسی ایشن کی لااینڈ آرڈر کمیٹی کے تیسرے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے بتایا کہ چھوٹے تاجردوبارہ تشویشناک صورتحال سے دوچار ہوکر عدم تحفظ کا شکار ہوگئے ہیں۔


کیونکہ قیامِ امن کیلیے حکومت کی کوششیں انھیں غیرسنجیدہ نظرآرہی ہیں، عام مجرموں کے مقابلے میں باوردی افراد کی وارداتوں میں تشویشناک حد تک اضافہ ہوگیا ہے، ضرورت اس امر کی ہے کہ محکمہ پولیس کو سیاسی اثرات سے نجات اور بدعنوانی سے پاک کیا جائے، سیکیورٹی اداروں کے باکردار افراد کی حوصلہ افزائی اور بدعنوانوں کومنظرعام پرلایا جائے، انھوں نے کہا کہ سابق ایڈیشنل آئی جی کراچی شاہد حیات خان کو سازش کے تحت عہدے سے ہٹایا گیا جس سے پولیس کا بہتری کی جانب گامزن سیٹ اپ دوبارہ اپ سیٹ ہوگیا ہے اور پولیس میں شامل کرپٹ مافیا آزادانہ طور پر شہریوں اور تاجروں کی لوٹ مار میں دوبارہ فعال ہوگئی، انھوں نے کہا کہ رات کے اندھیرے میں ایجنسیاں بے قصور تاجروں کو انکے گھروں سے اٹھارہی ہیں، تشدد، خوفزدہ اور ہراساں کرکے رہائی کے عوض منہ مانگی رقوم وصول کی جارہی ہیں۔

سیکیورٹی اور تفتیش کی بعض ایجنسیوں کو بدعنوانی کی صنعت کا درجہ حاصل ہوگیا ہے، بیشتر تھانے جرائم کا گڑھ بن گئے جن کیخلاف شکایت سننے والا کوئی نہیں، تھانے سے کچہری تک پورا نظام مجرم کے حق میں استوار ہوگیا ہے، اجلاس میں تاجر نمائندگان نے حکومت سے اپنے دیرینہ مطالبات دہراتے ہوئے کہا کہ سیلولر فون کمپنیوں کو سختی سے ہدایت کی جائے کہ ماضی میں جاری کردہ دو کروڑ سے زائد غیرقانونی فون سموں کی دوبارہ جانچ پڑتال کی جائے۔

پولیس کو فراہم کیے گئے موبائل فون لوکیٹرز کی فعالیت اور کارکردگی کو بہتر کیا جائے، بھتہ اور اغوا برائے تاوان کیخلاف عبرت ناک قوانین کا نفاذ عمل میں لایا جائے، محکمہ پولیس سے کالی بھیڑوں کی چھانٹی کا عمل فی الفور شروع کیا جائے، اجلاس میں کمیٹی کے چیئرمین محمد احمد شمسی دیگر ارکان انصار بیگ قادری، طارق ممتاز، شاکر فینسی، شیخ محمد عالم، جاوید ملک، سید محمد سعید،محمد آصف، سید شرافت علی، سمیع اللہ خان، عبدالغنی، عرفان للہ ، عمران پاروانی، دلشاد بخاری،محمد عارف، شمیم احمد بھی موجود تھے۔
Load Next Story