اسرائیل نے لبنان میں حماس کے لیڈر کو کیسے شہید کیا حقائق سامنے آگئے

حماس کے نائب سربراہ صالح العروری لبنانی دارالحکومت میں اسرائیلی حملے میں شہید ہوگئے تھے


ویب ڈیسک January 04, 2024
حماس کے نائب سربراہ صالح العروری لبنان میں اسرائیلی حملے میں شہید ہوگئے تھے، فوٹو: فائل

دو روز قبل لبنان کے دارالحکومت میں مقیم حماس کے نائب سربراہ صالح العروری اسرائیل کے ایک حملے میں 6 افراد سمیت شہید ہوگئے تھے لیکن اس پُراسرار حملے سے متعلق تفصیلات سامنے نہیں آسکی تھیں۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق اسرائیل نے لبنان میں حماس کے نائب سربراہ صالح العروری کی ہلاکت کو اپنی بڑی کامیابی قرار دیا تھا تاہم اس کے بارے میں تفصیلات بتانے سے گریز کیا تھا۔

اسرائیلی فوج نے بس اتنا ہی بتایا تھا کہ حماس کے اہم اور سرگرم رہنما صالح العروری کو انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر کامیابی سے نشانہ بنایا۔ اسرائیلی فوج نے مزید سوالات کے جوابات دینے سے معذرت کرلی تھی۔

دوسری جانب لبنانی میڈیا نے دعویٰ کیا تھا کہ جنوبی بیروت کے علاقے میں ایک گھر پر اسرائیلی ڈرون حملے میں صالح العروری شہید ہوگئے تاہم اسرائیلی فوج نے صالح العروری کی ہلاکت کی وجہ ڈرون حملہ ہونے کی تصدیق یا تردید نہیں کی تھی۔

ادھر اسرائیلی میڈیا نے باوثوق ذرائع سے دعویٰ کیا ہے کہ صالح العروری کی لبنان میں عارضی رہائش گاہ کو اسرائیلی فوج کے جیٹ طیارے سے داغے گئے 6 گائیڈڈ میزائلوں سے نشانہ بنایا گیا تھا۔

بعد ازاں لبنان کے ایک سیکیورٹی اہلکار نے بھی نام نہ ظاہر کرنے کی شرط پر بتایا تھا کہ اسرائیلی جیٹ طیارے سے داغے گئے سو سو گرام وزنی 6 گائیڈڈ میزائلوں میں 2 اس عمارت کو لگے جہاں صالح العروری مقیم تھے۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔