غیرملکی جریدے سے عمران خان کے مضمون کے حوالے سے پوچھا جائے گا نگران وزیراطلاعات
کیا ‘دی اکانومسٹ’ نے دنیا کے کسی اور حصے سے جیل میں موجود سیاست دانوں کے گھوسٹ مضامین شائع کیے ہیں، مرتضیٰ سولنگی
نگران وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مرتضیٰ سولنگی نے کہا ہے کہ غیرملکی جریدہ 'دی اکنامسٹ' میں بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان کے شائع ہونے والے مضمون کے حوالے سے ایڈیٹر سے پوچھ رہے ہیں۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری بیان میں مرتضیٰ سولنگی نے کہا کہ 'ہم دی اکانومسٹ' کے ایڈیٹر کو مبینہ طور پر عمران خان کی جانب سے تحریر کردہ مضمون کے بارے میں لکھ رہے۔
نگران وزیراطلاعات نے کہا کہ یہ بات حیران اور پریشان کن ہے کہ میڈیا کے ایک معزز ادارے نے ایک ایسے فرد کے نام سے مضمون شائع کیا جو جیل میں ہے اور انھیں سزا ہو چکی ہے۔
مرتضیٰ سولنگی نے بیان میں کہا کہ اخلاقی معیارات برقرار رکھنا اور ذمہ دارانہ صحافت کو فروغ دینا انتہائی ضروری ہے، ہم جاننا چاہیں گے کہ 'دی اکانومسٹ' کی جانب سے مضمون کی اشاعت کے حوالے سے ادارتی فیصلہ کیسے کیا گیا، مواد کی قانونی حیثیت اور اعتبار کے حوالے سے کن باتوں کو مدنظر رکھا گیا۔
نگران وزیر کا کہنا تھا کہ کیا 'دی اکانومسٹ' نے دنیا کے کسی اور حصے سے جیل میں موجود سیاست دانوں کے گھوسٹ مضامین شائع کیے ہیں، اگر جیل میں قید مجرم میڈیا کو لکھنے کے لیے آزاد ہوتے تو وہ اپنی یک طرفہ شکایات نشر کرنے کے لیے ہمیشہ اس موقع کا استعمال کریں گے۔