بھارت نے پاکستان کی جانب سے 151 قیدیوں کی رہائی کے بدلے صرف 37قیدی رہا کردیئے

بھارت سے رہائی پانے والے قیدیوں میں 5 عام شہری جب کہ 32 ماہی گیر شامل ہیں۔


ویب ڈیسک May 30, 2014
بھارت سے رہائی پانے والے قیدیوں میں 5 عام شہری جب کہ 32 ماہی گیر شامل ہیں۔ فوٹو:آن لائن

پاكستان كے جذبہ خیر سگالی كے تحت 151 بھارتی قیدیوں کی رہائی کے بدلے بھارت نے صرف 37 پاکستانی قیدیوں كو رہا کیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق بھارتی سیكیورٹی فورسز نے پاكستانی قیدیوں كو آج واہگہ بارڈر پر پاک رینجرز كے حوالے كیا، رہا کئے جانے والے قیدیوں میں 5 عام شہری جب کہ 32 ماہی گیر شامل ہیں جنہیں راستہ بھٹک جانے پر بھارت کی میری ٹائم سیکیورٹی کے اہلکاروں نے گرفتار کرلیا تھا۔ بھارتی جیلوں سے رہائی پانے کے بعد وطن پہنچنے پر قیدیوں کے خوشی دیدنی تھی اوروہ جیسے ہی پاک سرزمین پرپہنچے تو سجدہ شکر میں گرگئے۔

دوسری جانب دفتر خارجہ کا کہناہے بھارت میں اب بھی 484 پاکستانی قید ہیں جن میں سے 25 اپنی سزائیں بھی پوری کرچکے ہیں لیکن بھارت نے انہیں ابھی تک رہا نہیں کیا۔

واضح رہے کہ وزیراعظم نوازشریف كی ہدایت پر بھارتی وزیراعظم نریندرمودی كی تقریب حلف برداری كے روز جذبہ خیر سگالی كے تحت بھارت كے 151 قیدیوں كو واہگہ كے راستے بھارتی سكیورٹی فورسز كے حوالے كیا گیا تھا۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں