عمر تنویر بٹ کی ضمانت منظور سیاست اور پی ٹی آئی چھوڑنے کا اعلان

9 مئی کا واقعہ ایک سیاہ دن تھا، سابق ایم پی اے کا ویڈیو بیان

فوٹو: ویڈیو گریب

سابق ایم پی اے عمر تنویر بٹ نے ضمانت منظور ہونے کے بعد سیاست اور پی ٹی آئی کو خیر آباد کہہ دیا۔

پی ٹی آئی کے سابق ایم پی اے عمر تنویر بٹ نے ضمانت منظور ہونے پر ویڈیو پیغام جاری کردیا جس میں انہوں نے کہا 9 مئی کا واقعہ ایک سیاہ دن تھا، یہ واقعہ عوام اور اداروں کے درمیان دراڑ ڈالنے کی کوشش تھی۔

واضح رہے کہ عمر تنویر بٹ کو 14 دسمبر کو تھانہ سٹی پولیس نے حراست میں لیا تھا، انسداد دہشت گردی عدالت نے آج عمر تنویر بٹ کی ضمانت منظور کی ہے۔


عمر تنویر بٹ نے مزید کہا کہ میں 2017 میں پاکستان تحریک انصاف میں شامل ہوا تھا، میں نے راولپنڈی میں آئی ایل ایف کی بنیاد رکھی تھی، پی ٹی آئی میں شامل ہونے کا مقصد ملک کے اندر ایک نیا سسٹم لانا تھا۔

عمر تنویر بٹ نے کہا کہ عمران خان نے رجیم چینج آپریشن کے بعد فوج مخالف بیانیہ بنانا شروع کیا، پاک فوج مخالف بیانیے پر مجھے پہلے سے تشویش تھی، عمران خان فوج اداروں اور عوام کے درمیان خلیج پیدا کر رہے تھے۔

انہوں نے مزید کہا کہ حماد اظہر، شیریں مزاری اور مراد سعید جیسے لوگوں نے اس بیانیے کو پروان چڑھایا، میں ریاست مخالف بیانیے کا بوجھ مزید برداشت نہیں کر سکتا اس لیے پی ٹی آئی کو خیر آباد کہہ رہا ہوں۔
Load Next Story