کراچی گھر میں گھس کر تیزاب کا حملہ خاتون جاں بحق

پولیس نے زخمی خاتون کی نشان دہی پر ان کے سابق شوہر کو گرفتار کرلیا ہے، ایس ایچ او گلستان جوہر


ویب ڈیسک January 06, 2024
(فوٹو فائل)

گلستان جوہر کی گل ہاؤسنگ سوسائٹی میں ملزمان نے ایک گھر میں گھس کرخواتین پر تیزاب کا حملہ کیا، جس کے دوران ایک خاتون جاں بحق اور دوسری زخمی ہوگئیں۔

گلستان جوہر کے ایس ایچ او جوہر فہدالحسن کا کہنا تھا کہ تیزاب کے حملے میں زخمی ہونے والی خاتون نے بتایا کہ ان کا سابق شوہر انھیں دھمکیاں دیتا تھا جھنوں نے 6 ماہ قبل ہی طلاق دی تھی اور وہ اپنی والدہ کے ساتھ رہتی تھیں۔

پولیس افسر کے مطابق زخمی خاتون نے الزام عائد کیا کہ اس کا سابق شوہر اسے دھمکیاں بھی دیتا تھا اور چند روز قبل بھی اس نے دھمکی دی اور اس واقعے میں اس کا سابق شوہر ملوث ہے۔

ایس ایس پی عرفان بہادر نے بتایا کہ تیزاب کا حملہ مبینہ طور پر زخمی خاتو کے سابق شوہر نے کیا، اس حوالے سے مزید تفصیلات حاصل کر رہے ہیں، خاتون کی شوہر سے علحیدگی ہوئی ہے، اس معاملے کی مزید تفیش کررہے ہیں۔

ایس ایچ او گلستان جوہر کا کہنا تھا کہ خاتون نے واقعے کے حوالے سے بتایا کہ یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب ان کے گھر میں 2 نوجوان داخل ہوئے اور زخمی خاتون پر تیزاب پھینکا، جس سے ان کا ہاتھ متاثر ہوا اور اس دوران ان کی والدہ نے بھی مزاحمت کی تو انھوں نے بزرگ خاتون پر بھی تیزاب پھینکا اور انھیں دھکا دیا تو وہ سر کے بل زمین پر گر گئیں۔

فہدالحسن نے بتایا کہ جاں بحق خاتون کے چہرے پر تیزاب اور سر کے عقب میں زخم کا نشان ہے اور شبہہ ہے کہ وہ سر پر لگنے والی گہری چوٹ سے دم توڑ گئیں لیکن پوسٹ مارٹم رپورٹ کے بعد ہی اصل وجہ کا تعین ہوجائے گا۔

ایس ایچ او نے مزید بتایا کہ زخمی خاتون کی نشان دہی پر پولیس نے ان کے سابق شوہر کو حراست میں لے لیا ہے اور ان سے پوچھ گچھ کی جا رہی ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں