کورنگی میں 17 ایکڑ زمین پر قبضے کی کوشش ناکام 8 ملزمان گرفتار
لینڈ مافیا کا سرغنہ موقع سے فرار ہونے میں کامیاب، زمان ٹاؤن پولیس نے مقدمہ درج کرلیا
پولیس نے کورنگی زمان ٹاؤن میں 17 ایکڑ زمین پر قبضے کی کوشش ناکام بنا کر لینڈ مافیا کے 8 کارندوں کو گرفتار کرلیا۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق کورنگی زمان ٹاؤن تھانے کی حدود کورنگی کریک کے قریب لینڈ مافیا کے مسلح کارندوں نے 17 ایکڑ زمین پر قبضے کی کوشش کی تاہم پولیس نے موقع پر پہنچ کر قبضہ مافیا کے 8 کارندوں کو گرفتار کرلیا جبکہ مافیا کا سرغنہ و دیگر افراد وہاں سے فرار ہوگئے۔
پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان میں کامران عباس، عابد حسین، سید نعمان، سبحان، رضوان، نوید احمد اور غلام حسین شامل ہیں۔
مدعی مقدمہ کے مطابق مسلح ملزمان شام 4 سے ساڑھے چار بجے کورنگی کریک پر واقع 17 ایکڑ زمین پر قبضہ کرنے پہنچے، اسلحہ بردار نے اُس کو یرغمال بنالیا اور جان سے مارنے کی دھمکیاں دیں، بعد ازاں زمان ٹاؤن پولیس موقع پر پہنچ کر ملزمان کو گرفتار کرنے میں کامیاب ہوگئی۔
پولیس کے مطابق ملزمان کے خلاف مقدمہ نمبر 22/2024 درج کرکے تفتیش شروع کردی گئی ہے اور لینڈ مافیا کے سرغنہ سمیت دیگر اہم ملزمان کی گرفتاری کیلئے چھاپوں کا سلسلہ جاری ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ لینڈ مافیا کے کارندے بورڈ آف ریونیو ڈیپارٹمنٹ کی ملی بھگت سے جعلی دستاویزات تیار کرکے دن دیہاڑے زمینوں پر قبضہ کرتے ہیں لیکن سندھ کی نگراں حکومت اور پولیس قبضہ مافیا کے سامنے بے بس نظر آتی ہے۔