کراچی 14 کروڑ سے زائد کا ای فراڈ ملزمان کے خلاف مقدمہ درج

ملزمان نے مختلف اشیا کی خریداری کریڈٹ کارڈز سے کرنے کے بعد آرڈر کینسل کرکے رقم واپس حاصل کی، ایف آئی آر

(فوٹو: فائل)

وفاقی تحقیقاتی ادارہ (ایف آئی اے) کے انسداد منی لانڈرنگ اور کاؤنٹر فنانس ٹیرارزم سرکل نے 14 کروڑ روپے سے زائد کا ای فراڈ کرنے والے ملزمان کے خلاف انسداد منی لانڈرنگ کا مقدمہ درج کر لیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق ذرائع نے بتایا کہ ملزمان کے خلاف فراڈ کی رقم سے پراپرٹی خریدنے کے الزام میں مقدمہ درج کیا گیا ہے، منی لانڈرنگ کے ذریعے خریدی گئی جائیداد میں گلشن اقبال میں ایک فلیٹ، پلاٹ اورناز پلازہ میں ایک دکان شامل ہے۔


انھوں نے بتایا کہ دونوں ملزمان نے اپنے اہل خانہ اور دیگر ملزمان کے ساتھ مل کر ای- کامرس کے ذریعے مختلف اشیا کی خریداری کریڈٹ کارڈز سے کرنے کے بعد آرڈر کینسل کرکے رقم واپس وصول کی۔

دوسری جانب مرچنٹس کی جانب سے ملٹی پل ایڈوائسزکے جواب میں صرف ایک سیٹلمنٹ کی رقم وصول کی گئی، ملزمان نے بقیہ رقم وصولی کے لیے نجی بینک کی مختلف برانچز میں موجود اپنے اکاؤنٹس استعمال کیے، نجی بینک کے آئی ٹی سسٹم کے ذریعے بینک کو کل 14 کروڑ 20 لاکھ روپے کا نقصان پہنچایا گیا۔

ایف آئی اے نے نجی بینک کی شکایت پر سائبرکرائم سرکل کراچی نے تحقیقات کے بعد ایف آئی آر درج کی، انسداد منی لانڈرنگ دفعات کے تحت تحقیقات کے لیے ایف آئی آر ایف آئی اے منی لانڈڑنگ سرکل منتقل کی گئی۔
Load Next Story