آسٹریلیا میں شکستوں پر حفیظ تاویلیں دینے لگے

’’ پاکستان نے اچھی کرکٹ کھیلی‘‘ تینوں میچز ہارنے پر ٹیم ڈائریکٹر کا بیان


Sports Reporter January 07, 2024
کچھ اہم مواقع سے فائدہ نہ اٹھا سکے، ڈراپ کیچز کا بھی نقصان ہوا (فوٹو: ایکسپریس ویب)

آسٹریلیا میں شکستوں پر محمد حفیظ تاویلیں پیش کرنے لگے۔

آسٹریلیا سے کلین سوئپ کے بعد سڈنی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈائریکٹر محمد حفیظ نے کہا کہ دورئہ آسٹریلیا میں پاکستان نے اچھی کرکٹ کھیلی لیکن ٹیم کچھ اہم مواقع سے فائدہ نہ اٹھاسکی، مجموعی کارکردگی کو دیکھتے ہوئے ہمیں کلین سوئپ نہیں ہونا چاہیے تھا، میلبورن ٹیسٹ میں کیچز ڈراپ ہونے کی وجہ سے شکست ہوئی،میزبان ٹیم کی 16پر 4وکٹیں گرانے کے بعد اسے اتنا موقع نہیں دینا چاہیے تھا کہ وہ 300کا ہدف دے سکے۔

یہ بھی پڑھیں: کھلاڑیوں پر سختیاں کیوں کی جارہی ہیں، حفیظ کا جواب آگیا

انھوں نے کہا کہ سڈنی میں عامر جمال نے 6 وکٹیں اڑائیں تو کینگروز بیک فٹ پر آگئے تھے،اس سے قبل صائم ایوب کیچ نہ گراتے توآسٹریلیا کو سنبھلنے کا موقع نہ ملتا،بیٹنگ میں پاکستانی بیٹرز شراکتیں قائم کرنے میں کامیاب ہوجاتے تو چوتھی اننگز میں میزبان ٹیم کو ہدف پانے میں مشکل پیش آتی۔

ٹیم ڈائریکٹر نے کہا کہ ہم نے ٹور کے دوران غلطیاں بھی کیں جنھیں درست کرنے کی ضرورت ہے، شکستوں سے کئی سبق سیکھے، عامر جمال نے سیریز میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا، وہ موقع کی تلاش میں تھے ملا تو بھرپو فائدہ اٹھایا، ان کی کارکردگی قابل فخر رہی، ڈومیسٹک پرفارمز ے بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔

یہ بھی پڑھیں: میلبرن ٹیسٹ میں شکست! حفیظ نے بھی امپائرنگ پر سوال اٹھادیا

ان کا کہنا تھا کہ عامر جمال، میر حمزہ اور خرم شہزاد سسٹم میں موجود تھے مگر بدقسمتی سے ان کو مواقع نہیں دیے گئے، ریڈ بال کرکٹ سے کھیل نکھرتا ہے،طویل فارمیٹ میں پرفارم کرنے والا کسی بھی طرز کی کرکٹ میں بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرسکتا ہے،کھلاڑی فرسٹ کلاس کرکٹ پر توجہ دیں تو بہتر نتائج حاصل ہوسکتے ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں